کیپ ٹاؤن، 15 مئی (یو این آئی) پنجاب کنگز کے تیز گیند باز کاگیسو ربادا چوٹ کی وجہ سے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے باہر ہونے کے بعد وطن واپس لوٹ گئے ہیں۔ ربادا نے پنجاب کنگز کے لیے 11 میچ کھیلے اور 8.85 کی اکانومی سے 11 وکٹیں حاصل کیں۔ پنجاب کنگز کے پلے آف سے باہر ہونے کے بعد زخمی ربادا کو جنوبی افریقہ واپس آنے کی اجازت دی گئی۔سی ایس اے نے بدھ کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل ‘میڈیکل ٹیم کی طرف سے ان کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ جنوبی افریقہ پر امید ہے کہ ربادا کی انجری اگلے ماہ ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں پر اثر انداز نہیں ہوگی۔سی ایس اے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سے ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں آئندہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں پر اثر انداز ہونے کی توقع نہیں ہے۔ ربادا جنوبی افریقہ کے پیس اٹیک کا حصہ ہیں جس میں اینریک نورکھیا، جیرالڈ کوٹزی اور مارکو جانسن بھی شامل ہیں۔