ڈھاکہ، 17 مارچ (یو این آئی) سری لنکا کے گیند باز دلشان مدوشنکا بنگلہ دیش کے خلاف جاری ون ڈے سیریز میں زخمی ہونے کے بعد بقیہ دورے سے باہر ہو گئے ہیں اور ان کے ممبئی انڈینس کے میچ کے ابتدائی مرحلے میں کھیلنے کا بھی کم امکان ہے۔سری لنکا کرکٹ نے اتوار کی صبح جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ ایم آر آئی اسکین سے تصدیق ہوئی ہے کہ مدوشنکا کی بائیں ٹانگ میں ہیمسٹرنگ انجری ہے اور وہ بحالی کے لیے وطن واپس آئیں گے۔سری لنکا کی ٹیم کے منیجر مہندا ہالانگوڈا نے کہا، “ہمیں اتوار کی صبح ان کی چوٹ کی اطلاع ملی۔ یہ ایک نئی انجری ہے۔ ہم نہیں جانتے کہ انہیں اس سے صحت یاب ہونے میں کتنا وقت لگے گا۔ وہ میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں ہائی پرفارمنس سینٹر میں ری ہیب کریں گے۔ وہ کل کے ون ڈے سے باہر ہو گئے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ چٹاگانگ میں کھیلا گیا دوسرا ون ڈے تین وکٹوں سے جیت کر سری لنکا نے سیریز برابر کر دی ہے اور ابھی ایک ون ڈے کھیلنا باقی ہے۔ اس میچ میں بولنگ کرتے ہوئے مدوشنکا نے ابتدا میں بنگلہ دیش کے لیے دو وکٹیں حاصل کیں۔ لیکن چوٹ کی وجہ سے وہ 6.4 اوورز کے بعد میدان سے باہر چلے گئے۔ مدوشنکا کو دسمبر میں ہونے والی نیلامی میں ممبئی انڈینز نے 4.6 کروڑ روپے میں خریدا تھا۔