ملانپور، 14 اپریل (یو این آئی) پنجاب کنگس کے سلامی بلے باز شیکھر دھون کندھے کی چوٹ کی وجہ سے کم از کم سات دنوں کے لیے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے باہر ہو گئے ہیں۔پنجاب کنگس کے کوچ سنجے بنگر نے ملانپور میں راجستھان رائلس کے خلاف سنسنی خیز مقابلے میں پنجاب کی شکست کے بعد پریس کانفرنس میں اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا، “ان کے کندھے میں چوٹ ہے۔ اس وجہ سے وہ کم از کم دو دن باہر رہ سکتے ہیں۔
شیکھر ایک تجربہ کار اوپننگ بلے باز ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں ایسی وکٹ پر کھیلنے کا بھی اچھا تجربہ ہے۔ ٹیم میں ان کی موجودگی ہمارے لیے بہت اہم ہے۔ اب ہمیں انتظار کرنا ہوگا اور دیکھنا ہوگا کہ علاج کے بعد انہیں صحت یاب ہونے میں کتنا وقت لگتا ہے۔ فی الحال ایسا لگتا ہے کہ وہ کم از کم سات سے دس دنوں کے لیے میدان سے باہر ہو سکتے ہیں۔شیکھر دھون کی غیر موجودگی میں سیم کرن راجستھان رائلس کے خلاف پنجاب کنگس کی ٹیم کے انچارج تھے۔ جب کرن ٹاس کے لیے آئے تو یہ قدرے حیرانی کی بات تھی کیونکہ جیتیش شرما نے سیزن کے آغاز سے قبل چنئی میں کپتانوں کی کانفرنس میں شرکت کی تھی۔
ایک سوال کے جواب میں سنجے نے کہا، “نہیں…وہ (جیتیش) نائب کپتان نہیں ہیں۔ انہوں نے آئی پی ایل کے آغاز میں کپتانوں کی کانفرنس میں شرکت کی۔ اس وجہ سے لوگ انہیں ٹیم کا نائب کپتان سمجھنے لگے۔ سیم نے گزشتہ سال بھی ٹیم کی قیادت کی تھی۔ لیکن اس سیشن میں ان کے ہندوستان آنے میں تاخیر ہوئی۔ اس وجہ سے ہم انہيں چنئی نہیں بھیج سکے اور جیتیش کو اس کی جگہ بھیج دیا گیا۔انہوں نے کہا، ”ایسا نہیں تھا کہ جیتیش قائم مقام کپتان تھے۔
ہم بالکل واضح تھے کہ ضرورت پڑنے پر سیم کرن کپتانی کریں گے۔قابل ذکر ہے کہ آئی پی ایل 2024 میں دھون کی کارکردگی کچھ خاص نہیں ہے۔ انہوں نے پانچ اننگز میں 30.40 کی اوسط اور 125.61 کے اسٹرائیک ریٹ سے 152 رنز بنائے ہیں۔ تاہم ایک بات یہ بھی ہے کہ وہ پنجاب کنگس کے لیے سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی ہیں۔