دمبولا 21 جولائی (یو این آئی) ہندوستانی آف اسپنر شرینکا پاٹل بائیں ہاتھ کی انگلی میں چوٹ کی وجہ سے خواتین ایشیا کپ سے باہر ہوگئی ہیں۔ ایشین کرکٹ کونسل کی ایک ریلیز کے مطابق 21 سالہ شرینکا کے بائیں ہاتھ کی چوتھی انگلی میں فریکچر ہوا ہے۔ ایشیا کپ میں اب تک انہوں نے پاکستان کے خلاف میچ میں 3.2 اوورز میں 14 رن دے کر دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔ ہندوستانی ٹیم نے یہ میچ آسانی سے جیت لیا تھا۔ اب 26 سالہ لیفٹ آرم اسپنر تنوجا کنور کو شرینکا کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ تنوجا نے ہندستان کے لیے ابھی تک کوئی میچ نہیں کھیلا ہے۔ وہ ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) میں گجرات جائنٹس اور ڈومیسٹک کرکٹ میں ریلوے کے لیے کھیلتی ہیں۔ انہوں نے ڈبلیو پی ایل میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہیں جائنٹس نے 2023 میں 50 لاکھ روپے میں خریدا تھا۔ ڈبلیو پی ایل کی نیلامی سے کچھ وقت پہلے انہوں نے ون ڈے ٹرافی کے فائنل میں ریلوے کے لیے تین وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں کل ملاکر 18 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ ون ڈے ٹرافی میں تنوجا کا اوسط 11.16 اور اکانومی ریٹ صرف 2.43 تھا۔ تنوجا نے 2024 کے ڈبلیو پی ایل سیزن کے آٹھ میچوں میں 10 وکٹیں حاصل کیں اور ان کا اوسط 20.70 اور اکانومی ریٹ 7.13 رہا تھا۔