نئی دہلی 17جنوری:نئے سال میں ریل مسافروں کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آ رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں سال 60 نئی وندے بھارت ٹرینوں کی سوغات ملنے والی ہے۔ یعنی ریل مسافروں کے لیے دور دراز کا سفر مزید آسان ہونے والا ہے۔ ’منی کنٹرول‘ کی رپورٹ کے مطابق تیزی سے وندے بھارت ٹرینوں کے کوچ تیار کیے جا رہے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ نئی وندے بھارت ٹرینوں کی لانچنگ کے لیے انڈین ریلوے لگاتار کام کر رہا ہے جس کا نتیجہ ہے کہ کچھ ہی سالوں میں اب تک کئی وندے بھارت ٹرینیں لانچ ہو چکی ہیں۔ بیشتر ریاستوں کو وندے بھارت ٹرینیں مل چکی ہیں اور 2023 کی بات کی جائے تو اُس سال مجموعی طور پر 34 وندے بھارت ٹرینیں لانچ کی گئی تھیں۔ اب 2024 میں نئی وندے بھارت ٹرینیں لانچ ہونے کا مسافروں کو انتظار ہے۔ ’منی کنٹرول‘ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انڈین ریلوے مجموعی طور پر 70 وندے بھارت ٹرینیں اور
ریک ڈیلیوری کا ارادہ رکھتا ہے جن میں سے 60 ٹرینیں 15 نومبر 2024 سے قبل ہی عوام کو مل جائیں گی۔ ان ٹرینوں کو نئے راستوں پر لانچ کر دیا جائے گا۔ سال بھر میں 60 نئی وندے بھارت ٹرینوں کے لانچ کیے جانے کے بعد لاکھوں ریل مسافروں کو زبردست فائدہ ملنے کی امید ہے۔ ریلوے کے ایک افسر کا کہنا ہے کہ وندے بھارت ٹرینوں کے لیے راستوں کا انتخاب ریاستی حکومت، انڈین ریلوے اور ایک خود مختار مشیر کے ذریعہ کئی دور کے تبادلہ خیال اور کیس اسٹڈیز کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ انھوں نے مزید جانکاری دی کہ کئی دور کی بات چیت کے بعد ریلوے بورڈ کی منظوری ملتی ہے اور پھر وندے بھارت ٹرینوں کے لیے نئے راستے طے کیے جاتے ہیں۔