نئی دہلی/کوہیما، 27 فروری (یو این آئی) کوالٹی کونسل آف انڈیا (کیو سی آئی) کے چیئرمین جکشیہ شاہ نے معیار پر مبنی اصلاحات کے ذریعے ریاستوں کو بااختیار بنانے میں کوالٹی ریزولوشن کے کردار پر زور دیا اور کہا کہ ترقی یافتہ ہندوستان کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے کوالٹی اسٹینڈرڈ سمیت ہر پہلو میں ریاستوں کی ترقی ضروری ہے۔ جمعرات کو وزارت تجارت اور صنعت کی طرف سے جاری کردہ ایک ریلیز کے مطابق، مسٹر شاہ کوہیما میں ‘کوالٹی ریزولوشن ناگالینڈ’ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ناگالینڈ ایک ایسی ریاست ہے جو استحکام، کاروباری صلاحیت اور عمدگی کی قدر کرتی ہے اور ان خوبیوں کی وجہ سے یہ نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا کے لیے ایک رول ماڈل ہے۔انہوں نے کہا، “مجھے یقین ہے کہ آج کوالٹی ریزولوشن میں ہونے والی بات چیت کے ذریعے، ہم ترقی یافتہ مستقبل کی طرف ناگالینڈ کے سفر میں معیار کو شامل کرنے کے لیے نئی راہیں تلاش کریں گے۔ کیوسی آئی اپنی حمایت اور تعاون دیتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائے گا کہ معیار پر مبنی اقدامات کے ذریعے ناگالینڈ کی منفرد شناخت اور صلاحیت کو بڑھایا جائے۔” افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے، حکومت ناگالینڈ کے وزیر برائے سیاحت اور اعلیٰ تعلیم، تیمجن امنا ایلونگ نے کہا کہ ریاست کے لوگ قوم کے لیے معیار کی علامت کے طور پر خدمات انجام دے سکتے ہیں۔ عمدگی اور معیار کی تلاش ہماری ترقی کے مرکز میں ہے اور ناگالینڈ اس سفر میں شراکت دار بننے کے لیے پرعزم ہے۔ ہمارے عام لوگوں کی امنگیں ریاست کے معیار کا تعین کرتی ہیں اور وہ ہماری ریاست کے حقیقی برانڈ ایمبیسیڈر ہیں۔ پروگرام کے افتتاحی اجلاس میں ریاست کے چیف سکریٹری ڈاکٹر جے۔ عالم، وزیراعلی کے سکریٹری کیسنیو یوم (آئی اے ایس) اور کیو سی آئی کے جنرل سکریٹری چکرورتی کنن بھی موجود تھے۔ اس پروگرام کا مقصد کلیدی شعبوں میں معیار پر مبنی ترقی کو آگے بڑھانے میں ریاست کی کوششوں کی حمایت کرنا ہے۔
آندھرا پردیش، گجرات اور اڈیشہ میں متاثر کن پروگراموں کے بعد، کوالٹی کونسل آف انڈیا (کیوسی آئی) نے اب ناگالینڈ میں کوالٹی ریزولوشن شروع کیا ہے۔ ایک روزہ تقریب میں بنیادی طور پر صحت کی دیکھ بھال، تعلیم اور ہنر، صنعت اور ایم ایس ایم ای اور سیاحت میں کوالٹی معیار کو بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔