نئی دہلی30جنوری: دہلی کی صفائی کے مسئلے پر عام آدمی پارٹی سے تعلق رکھنے والی راجیہ سبھا کی رکن پارلیمنٹ سواتی مالیوال نے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے گھر کے باہر کچرا پھینک کر مظاہرہ کیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر انہیں حراست میں لے لیا۔ سواتی مالیوال نے احتجاج کے دوران کہا کہ ’’آج پوری دہلی کچرے کا ڈھیر بن چکی ہے۔ میں کیجریوال سے ملاقات کے لیے یہاں آئی تھی لیکن پولیس نے مجھے حراست میں لے لیا۔‘‘ سواتی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کئی پوسٹ کیں جن میں انہوں نے دہلی کی حکومت پر شدید تنقید کی۔ اپنی پہلی پوسٹ میں انہوں نے لکھا، ’’وکاس پوری علاقے میں سڑکوں پر سالوں سے کچرے کا ڈھیر لگا ہے۔ لوگ ناراض ہیں۔ یہ سارا کچرا کیجریوال کے گھر پھینکنے جا رہے ہیں تاکہ وہ بھی دہلی والوں کی مشکلات کو سمجھ سکیں۔‘‘ انہوں نے مزید لکھا کہ “جو گندگی اور بدبو دہلی کے شہری روزانہ جھیلتے ہیں، آج وہ کیجریوال کو محسوس کرنی چاہیے۔‘‘ سواتی مالیوال تین ٹرک بھر کر کچرا لے کر کیجریوال کے گھر پہنچیں۔ ان کے ساتھ کئی خواتین بھی تھیں جو بینرز لیے احتجاج کر رہی تھیں۔ موقع پر پہنچ کر پولیس نے انہیں سمجھانے کی کوشش کی لیکن سواتی اپنے احتجاج پر قائم رہیں۔ پولیس نے جب انہیں وارننگ دی اور وہ نہ مانیں تو انہیں حراست میں لے لیا گیا۔ سواتی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’کیجریوال نے پورے شہر کو کچرا دان میں تبدیل کر دیا ہے۔ اگر وہ اب بھی نہ سدھرے تو عوام انہیں سدھارے گی۔‘‘