نیس، 21 جنوری (یو این آئی) ٹوکیو اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے روی کمار دہیا نے گراں پری ڈی فرانس ہنری ڈیگلن 2024 ریسلنگ ٹورنامنٹ میں کانسے کا تمغہ جیتا۔ہندوستان کے اسٹار پہلوان روی دہیا نے ہفتے کو فرانس کے شہر نیس میں مردوں کے 61 کلوگرام فری اسٹائل زمرے کے کانسے کے تمغے کے مقابلے میں قزاقستان کے کیرات امیرتایف کے خلاف 10-4 سے کامیابی حاصل کی۔ اگرچہ دہیا پہلے ہی منٹ میں 2-4 سے پیچھے ہو گئے لیکن انہوں نے میچ جیتنے کے لیے اپنے تجربے کا استعمال کیا۔اس سے قبل دہیا نے راؤنڈ آف 16 میں جرمنی کے جولین زنسر کو تکنیکی برتری (13-2) سے شکست دی، اس کے بعد کوارٹر فائنل میں قزاقستان کے جانگار کابیل بیکوف کو 12-6 سے شکست دی۔ تاہم ہندوستانی پہلوان کو سیمی فائنل میں فرانس کے آرمنڈ الویان کے خلاف 6-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور وہ کانسے کے تمغے کے مقابلےسے باہر ہوگئے۔
واضح رہے کہ روی کمار دہیا نے آخری بار بین الاقوامی اسٹیج پر 2022 ورلڈ ریسلنگ چیمپئن شپ میں حصہ لیا تھا۔ فروری میں پریکٹس کے دوران اپنے دائیں گھٹنے میں چوٹ لگنے کے بعد اپریل 2023 میں ایشین چیمپئن شپ سے باہر ہو گئے تھے۔ جولائی 2023 میں ایشین گیمز کے قومی ٹرائلز کے دوران روی کمار دہیا کی چوٹ بڑھ گئی اور انہیں سال کے باقی حصوں سے محروم رہنے پر مجبور کر دیا۔ وہ بلغراد میں پیرس اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے والی ورلڈ ریسلنگ چیمپئن شپ میں حصہ نہیں لے سکے تھے۔روی کمار دہیا کے آنے والی مہموں میں 61 کلوگرام سے 57 کلوگرام وزن کے زمرے میں جانے کی امید ہے۔ وہ اپریل میں کرغزستان میں ایشین اولمپک گیمز کوالیفائرز اور مئی میں ترکیہ میں ہونے والے ورلڈ اولمپک کوالیفائرز میں حصہ لے سکتے ہیں۔