روہت نے اپنے ضمیر کی آواز سنتے ہوئے جرات مندانہ فیصلہ کیا

0
15

بنگلورو، 18 جنوری (یو این آئی) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ راہل دراوڑ نے روہت شرما کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے ضمیر کی آواز سنی اور کل دوسرے سپر اوور میں روی بشنوئی کے ساتھ جانے کا جرات فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ میچ کے بعددراوڑ نے کہا، ’’مجھے لگتا ہے کہ روہت نے اپنے ضمیر کی آواز سنی۔ شاید انہوں نے سوچا ہوگا کہ اسپنر کی دو وکٹیں لینے کا امکان زیادہ ہے۔ ایک اوور میں 12 رنز بنانا مشکل نہیں ہے۔ خاص طور پر افغانستان کے پاس شاٹ مارنے کی جس قسم کی طاقتور صلاحیت ہے اس کو دیکھتے ہوئے وہ یہ ہدف آسانی سے حاصل کر لیتے ہیں۔ افغانستان کو روکنے کا واحد راستہ ان کی دونوں وکٹیں لینا تھا۔ دراوڑ نے کہا،انہوں نے آج یہ دکھایا کہ وہ کس طرح کے کھلاڑی ہیں۔ ہم نے 22 کے اسکور پر چار وکٹیں گنوائی تھیں۔ ڈرنکس کے دوران جب میں خود گراؤنڈ کے اندر گیا تو بحث یہ تھی کہ ہمیں مثبت رہنا ہے۔ جس طرح انہوں نے اننگز کے اختتام پر بڑے شاٹس مارے وہ واقعی دیکھنے کے لائق تھا۔ انہوں نے کہا، “ہم کافی عرصے سے اس بات پر بحث کر رہے ہیں کہ وکٹ کے باہر رنز کیسے بنائے جائیں اور اس کے لیے سوئپ اور ریورس سوئپ کا استعمال کریں اور اس کی مشق بھی کریں۔ بعض اوقات آپ کو اچھی اسپن باؤلنگ کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ “قیس احمد کو شروع میں کافی اسپن مل رہی تھی اور ایسی صورت حال میں روہت کے لیے گراؤنڈ سے نیچے جانا مشکل ہوتا، اس لیے باؤنڈری کے اسکوائرحصوں میں کھیلنا ایک سمجھداری والا فیصلہ تھا۔دراوڑنے رنکو کی تعریف کرتے ہوئے کہا، “اپنے بین الاقوامی کرکٹ کے ابتدائی مراحل میں جس طرح کی پختگی کا مظاہرہ کیا وہ قابل تعریف ہے۔ ہم نے انہیں اننگز کے بیک اینڈ میں آکر کھیل کو اختتام کرتے ہوئے دیکھا ۔ انہیں آج پارٹنرشپ بناتے ہوئے اور بیک اینڈ پر اننگز کو ختم کرتے ہوئے دیکھ کر خوشی ہوئی۔ وہ اپنی صلاحیتوں کے بارے میں بہت واضح ہیں، وہ اپنی صلاحیتوں سے بخوبی واقف ہیں اور انہیں پتہ ہے کہ انہیں کس چیز پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔