ممبئی، 18 جنوری (یو این آئی) ٹیم انڈیا کے کپتان روہت شرما جموں و کشمیر کے خلاف 23 جنوری سے شروع ہونے والے رنجی ٹرافی میچ میں ممبئی کی طرف سے کھیلیں گے۔یہ میچ ممبئی کے ایم سی اے-بی کے سی گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ روہت نے خود ممبئی ٹیم کے لیے اپنی دستیابی کی تصدیق کی ہے۔ہفتہ کو بی سی سی آئی ہیڈکوارٹر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے، انہوں نے کہا، اگر آپ گزشتہ چھ سات سالوں میں ہمارے کیلنڈر کو دیکھیں تو ایسا کبھی نہیں ہوا کہ ہم نے 45 دن سے زیادہ گھر میں گزارے ہوں۔ ایسا تب ہوتا ہے جب آئی پی ایل کے اختتام کے فوراً بعد کوئی بین الاقوامی میچ نہ ہو۔ ہمارا گھریلو سیزن اکتوبر میں شروع ہوتا ہے اور مارچ تک چلتا ہے۔ وہ کھلاڑی جو قومی ٹیم کے لیے تمام فارمیٹس نہیں کھیل رہے اور جب ڈومیسٹک کرکٹ ہو رہی ہو تو وہ اس میں کھیل سکتے ہیں۔