راجکوٹ، 15 فروری (یو این آئی) روہت شرما اور رویندر جڈیجہ کی سنچریوں اور سرفراز خان کی نصف سنچری کی مدد سے ہندوستان نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک پانچ وکٹوں پر 326 رن بنا کر میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے۔آج یہاں ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے اتری ہندوستانی ٹیم کی شروعات خراب رہی اور چوتھے ہی اوور میں اوپنر یشسوی جیسوال 10 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ وہ مارک ووڈ کی گیند پر جوروٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد بلے بازی کے لیے آنے والے شبمن گل کو بھی ووڈ چھٹے اوور میں فاکس کے ہاتھوں کیچ کروا کر ہندوستان کو دوسرا جھٹکا دیا۔ گل اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ رجت پاٹیدار بھی نویں اوور میں پانچ رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ لنچ کے وقت ہندوستان کا اسکور تین وکٹ پر 93 رنز تھا۔اس کے بعد کپتان روہت شرما اور رویندرا جڈیجہ نے ہندوستانی اننگ کو سنبھالا اور دونوں بلے بازوں نے چوتھے وکٹ کے لئے 204 رنز جوڑے۔ روہت شرما نے 196 گیندوں میں 14 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 131 رنز بنائے۔
روہت شرما کو مارک ووڈ نے اسٹوکس نے کیچ آؤٹ کرایا۔ ڈیبیو ٹیسٹ میچ میں سرفراز خان نے ریکارڈ 48 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔ سرفراز 82ویں اوور میں بدقسمتی سے 62 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ ہندوستان نے پانچ وکٹوں پر 326 رنز بنالئے ہیں اور کھیل ختم ہونے تک رویندرا جڈیجہ 110 رنز پر ناٹ آؤٹ اور کلدیپ یادو ایک رن پر کریز پر موجود تھے۔انگلینڈ کی جانب سے فاسٹ بولر مارک ووڈ نے تین اور ٹام ہارٹلے نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔