ناگپور، 27 فروری (یو این آئی) آدتیہ سروٹے (ناٹ آؤٹ 66) کی ذمہ دارانہ اننگز نے رنجی ٹرافی فائنل کے دوسرے دن کیرالہ کی لڑکھڑاتی اننگز کو سنبھالا۔ اس سے پہلے، ایم ڈی ندھیش اور ایڈن ایپل ٹوم ( تین تین وکٹ) اور این پی باسل (دو وکٹ) کی شاندار کارکردگی کی بدولت کیرالہ نے میچ میں واپسی کرتےہوئے ودربھ کو پہلی اننگز میں 379 کے اسکور پر روک دیا تھا۔بیٹنگ کے لئے اترنے والی کیرالہ کی ابتدا بہت خراب رہی اور اس نے صرف 14 کے اسکور پر اپنے دو وکٹ گنوا دیے۔ روہن کننمُل (صفر) اور اکشے چندرن (14) رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ دونوں ہی بلے بازوں کو درشن نالکنڈے نے بولڈ آؤٹ کیا۔ اس مشکل وقت میں آدتیہ سروٹے اور احمد عمران نے کیرالہ کی اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان تیسرے وکٹ کے لیے 93 رنز کی شراکت ہوئی۔ 32ویں اوور میں یش ٹھاکر نے احمد عمران (37) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ دن کے کھیل کے اختتام تک کیرالہ نے تین وکٹوں پر 131 رنز بنا لیے اور آدتیہ سروٹے (ناٹ آؤٹ 66) اور کپتان سچن بیبی (ناٹ آؤٹ سات رن) کریز پر موجود تھے۔ویدر بھ کی جانب سے درشن نالکنڈے نے دو وکٹ لیے۔ یش ٹھاکر کو ایک وکٹ ملا۔وِدربھ نے کل کے چار وکٹوں پر 254 رن سے کھیلنا شروع کیا۔ آج صبح کے سیشن میں 290 کے اسکور پر این پی باسل نے کل سنچری بنانے والے دانیش مالیوار کو بولڈ کرکے کیرالہ کو بڑی کامیابی دلائی۔ دانیش مالیوار نے 285 گیندوں میں 15 چوکے اور تین چھکے مار کر (158) رن بنائے۔ وِدربھ کے اسکور میں پانچ اور رن شامل ہونے کے بعد باسیل نے یش ٹھاکر (25) کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے پویلین واپس بھیج دیا۔ بیٹنگ کرنے آئے کپتان اکشے وڑکر بھی زیادہ دیر تک پچ پر نہیں ٹھہر سکے۔ ایڈن ایپل ٹام نے پہلے یش راٹھوڑ (3) کو آؤٹ کیا۔ اکشے کارنیوار (12) اور نچیکیت بھوٹے (32) رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اکشے وڑکر (23) کو بھی ایڈن ایپل ٹام نے آؤٹ کیا۔ کیرالہ کے گیندبازی حملے کے آگے وِدربھ کی ٹیم نے آج 125 رن اور جوڑ کر اپنے چھ وکٹ گنوا دیے۔ وِدربھ نے 123.1 اوورز میں 379 کا اسکور بنایا۔کیرالہ کی طرف سے ایم ڈی ندھیش اور ایڈن ایپل ٹام نے تین تین اور این پی باسیل نے دو وکٹ لیے۔ جلج سکسینہ نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔