نئی دہلی5اگست: کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے پیر کو وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں ملاقات کی اور ان سے بنگلہ دیش کے موجودہ بحران پر تبادلہ خیال کیا۔ واضح رہے کہ کئی دنوں کے احتجاج کے بعد بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو کر غازی آباد کے ہنڈن ایئربیس پہنچ گئی ہیں۔ فوج اب بنگلہ دیش میں عبوری حکومت بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ مظاہرین نے بنگلہ دیش میں صورت حال کو تہہ و بالا کر دیا ہے۔ مظاہرین شیخ حسینہ کی رہائش گاہ میں زبردستی گھس گئے۔ اس کے بعد شیخ حسینہ کو ملک چھوڑنا پڑا۔ بنگلہ دیش میں مظاہرین کئی دنوں سے موجودہ حکومت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں اور حکومت کے کام کرنے کے انداز پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ وہیں، اب شیخ حسینہ کے استعفیٰ کے بعد یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ پڑوسی ملک میں سیاسی جدوجہد کو ایک نیا رخ ملے گا۔ بنگلہ دیش میں اس احتجاج کے باعث سینکڑوں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جب کہ 19 پولیس اہلکاروں کے مارے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔ فوجیوں نے پورے ملک کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔ ملک بھر میں غیر معینہ مدت کے لیے کرفیو نافذ ہے اور انٹرنیٹ بھی بند کر دیا گیا ہے۔ ملک کے مختلف حصوں میں فوج سمیت پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جو ہر سرگرمی پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ بنگلہ دیش کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے دہلی میں اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے عمل کا تعین کیا گیا۔ اس سے پہلے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔