نئی دہلی 16مارچ:’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ آج ممبئی میں اختتام کو پہنچی اور کل ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ادھو ٹھاکرے اور شرد پوار ہی نہیں، بلکہ مختلف ریاستوں کے سرکردہ لیڈران مثلاً ایم کے اسٹالن، فاروق عبداللہ، تیجسوی یادو، اکھلیش یادو اور کلپنا سورین جیسی شخصیتیں شامل ہوں گی۔ اس سے قبل آج ممبئی میں ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ کے دوران لوگوں کی زبردست بھیڑ سڑکوں پر دکھائی دی۔ ممبئی کی عوام راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کو ایک ساتھ دیکھنے کے لیے بے تاب نظر آ رہی تھی۔ یاترا کے دوران پرینکا گاندھی نے عوام سے خطاب بھی کیا جس میں مرکز کی مودی حکومت اور اس کی پالیسیوں پر حملہ کیا۔ پرینکا گاندھی نے راہل گاندھی کے ساتھ کھلی چھت والی کار میں کھڑی ہو کر لوگوں کے استقبال کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’’آج بھارت جوڑو نیائے یاترا ختم ہو رہی ہے۔ ہم دونوں یہاں آ کر بہت خوش ہیں۔ راہل گاندھی جی نے یہ یاترا اس لیے کی تاکہ آپ ملک کی حقیقت کو سمجھیں۔ یہ پوری یاترا عوام کو بیدار کرنے کے لیے تھی۔‘‘ مرکزی حکومت پر حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’آپ آج ملک میں جتنے بھی اشتہارات دیکھتے ہیں، ان میں کوئی سچائی نظر نہیں آتی۔ کیا مہنگائی کم ہوئی؟ بے روزگاری کم ہوئی؟ بی جے پی حکومت ایک طرف دکھاتی ہے کہ بڑے بڑے ایونٹ ہو رہے ہیں، دوسری طرف نوٹ بندی، جی ایس ٹی جیسے فیصلے لیے جاتے ہیں جس سے لوگوں کی کمر ٹوٹ رہی ہے۔‘‘ وہ مزید کہتی ہیں کہ ’’آج ملک کی ملکیت چند صنعت کاروں کو سونپی جا رہی ہے۔ اس لیے آپ کو خود سوچنا پڑے گا کہ آپ کے لیے حکومت کیا کر رہی ہے۔‘