نئی دہلی2جون: کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے لوک سبھا انتخابات کے نتائج کے اعلان سے قبل کئی نیوز ایجنسیوں کے ذریعہ جاری کردہ ایگزٹ پول کے اعداد و شمار کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے اسے مودی میڈیا پول قرار دیا ہے۔ آنجہانی گلوکار سدھو موسی والا کے گانے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انڈیا الائنس کو ٹو نائنٹی فائیو (295) سیٹیں ملنے والی ہیں۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایگزٹ پول نہیں ہے۔ اس کا نام ‘مودی میڈیا پول ہے، یہ مودی جی کا پول ہے، ان کا فینٹسی پول ہے۔ اس سوال پر کہ انڈیا الائنس کو لوک سبھا کے انتخابات میں کتنی سیٹیں ملیں گی، انہوں نے کہا، ‘سدھو موسی والا کا سانگ سنا ہے آپ نے، ٹو نائنٹی فائیو، 295 سیٹیں ملیں گی۔‘‘ اس سے قبل یکم جون کو انڈیا الائنس کے شراکت داروں کی میٹنگ کے بعد کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے اتحاد کو لوک سبھا انتخابات میں 295 سے زیادہ سیٹیں ملنے والی ہیں۔ ہفتہ کو کانگریس صدر کھڑگے کی رہائش گاہ پر انڈیا اتحاد کی میٹنگ تقریباً ڈھائی گھنٹے تک جاری رہی۔ کھڑگے نے کہا کہ اتحاد کے کارکنوں کو انتخابات اور ووٹنگ سے متعلق مسائل پر چوکنا رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ خیال رہے کہ ملک بھر میں لوک سبھا کی 543 سیٹوں کے لیے ووٹنگ کا عمل ہفتے کی شام ساتویں اور آخری مرحلے کے ساتھ ختم ہو گیا۔ اس بار لوک سبھا انتخابات سات مرحلوں میں کرائے گئے۔ پہلے مرحلے کے لیے ووٹنگ 19 اپریل کو ہوئی تھی، جبکہ آخری مرحلے کے لیے ووٹنگ یکم جون کو ہوئی۔ الیکشن ہوتے ہی کئی ایجنسیوں کے ایگزٹ پول آنا شروع ہو گئے۔
بیشتر ایگزٹ پول میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بی جے پی اپنے بل بوتے پر حکومت بنا سکتی ہے۔ تاہم حزب اختلاف کی جماعتیں ایگزٹ پولز کو کر رہی ہیں اور انڈیا کی حکومت بنانے کا دعویٰ کر رہی ہیں۔