نئی دہلی20جنوری:لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس رہنما راہل گاندھی نے ایک بار پھر ایمس معاملے میں مرکزی اور ریاستی حکومت پر جم کر حملہ بولا ہے۔ انہوں نے ایمس کے حالات، مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو مناسب سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے دہلی کے وزیر اعلیٰ اور مرکزی وزیر صحت کو خط لکھا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اس حوالے سے ایک پوسٹ بھی کیا ہے۔ پوسٹ میں انہوں نے مطلع کیا ہے کہ ’’پورے ملک سے دہلی ایمس آنے والے مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو بہتر سہولیات فراہم کرانے کے لیے دہلی کے وزیر اعلیٰ اور مرکزی وزیر صحت کو خط لکھا ہے۔‘‘ راہل گاندھی نے اپنے خط کے حوالے سے مزید لکھا ہے کہ ’’گزشتہ دنوں میں نے دیکھا کہ شدید سردی میں یہ میٹرو اسٹیشن کے نیچے سونے کو مجبور ہیں، جہاں نہ تو پینے کے پانی کا انتظام ہے اور نہ ہی بیت الخلا کا۔ آس پاس کوڑے، کچرے کا بھی ڈھیر لگا رہتا ہے۔‘‘ علاوہ ازیں انہوں نے پوسٹ میں لکھا کہ ’’اتنی بڑی تعداد میں مریضوں کا دہلی ایمس آنا یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ لوگ جہاں رہتے ہیں وہاں انہیں سستی اور اچھی کوالیٹی کی صحت کی سہولیات نہیں مل رہی ہیں۔‘‘ راہل گاندھی نے اپنی پوسٹ میں آگے لکھا ہے کہ ’’میں امید کرتا ہوں میرے خط کا نوٹس لیتے ہوئے دہلی کی وزیر اعلیٰ اور مرکزی وزیر صحت اس انسانی بحران کو حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں گے۔ ساتھ ہی امید ہے کہ مرکزی حکومت آئندہ بجٹ میں پبلک ہیلتھ کیئر سسٹم کو مضبوط کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے گی اور اس کے لیے ضروری وسائل میں اضافہ کرے گی۔‘‘ راہل گاندھی نے اس سے قبل ایمس کا اچانک دورہ کیا تھا جس کی ویڈیو اپنے یوٹیوب چینل پر ڈالی تھی۔ اس میں انھوں نے کہا تھا کہ ’’قومی صحت کی دیکھ بھال کا نظام پوری طرح سے تباہ ہو چکا ہے۔ ایمس میں سستے اور بہتر علاج کی امید میں مریض بھاری قیمت ادا کر رہے ہیں۔ کچھ دنوں قبل دہلی ایمس کے باہر پہنچ کر مریضوں اور ان کو مل رہی سہولیات کو جاننے کی کوشش کی لیکن وہاں کا نظارہ دل دہلانے والا تھا۔‘