بھوپال 11 جنوری (شہری نمائندہ) مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی نے راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیایے یاترا کے لیے اپنی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ مدھیہ پردیش کانگریس لوک سبھا الیکشن میڈیا انچارج چرن سنگھ سپرا نے جمعرات کو کانگریس دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا 14 جنوری سے شروع ہونے والی ہے۔ یہ یاترا ایم پی میں 7 دنوں تک رہے گی اور 9 اضلاع سے ہوتی ہوئی 698 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔
سپرا نے کہا کہ یاترا کے دوران ایم پی میں بے روزگاری، مہنگائی، کسانوں کے مسائل، دلتوں اور قبائلیوں پر بڑھتے ہوئے مظالم پر توجہ دی جائے گی۔ مدھیہ پردیش میں خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم پر بھی بات ہوگی۔ سپرا نے کہا کہ دلتوں کے خلاف جرائم میں 46.11 فیصد اور قبائلیوں کے خلاف جرائم میں 48.15 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کے دورہ کے دوران عوام سے ملک کی سلامتی پر بھی بات کی جائے گی۔ بی جے پی جس طرح طاقت اور پیسے کا غلط استعمال کرتی ہے اس کے خلاف بھارت جوڑو نیائے یاترا نکالی جا رہی ہے۔ نہ صرف کانگریس بلکہ انڈیا الائنس کے تمام لیڈروں کو بھی یاترا میں مدعو کیا گیا ہے۔ اس دوران ریاست کی موہن حکومت پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم پی میں بھی دہلی کے ریموٹ کنٹرول سے حکومت چل رہی ہے۔