نئی دہلی 3فروری: دہلی میں آج انتخابی تشہیر ختم ہو گئی۔ لیکن اس سے قبل کانگریس کے سرکردہ لیڈران نے عوام کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لیے اپنا پورا زور لگا دیا۔ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے جہاں الکا لامبا کی حمایت میں روڈ شو کیا، وہیں وائناڈ سے رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے ابھشیک دتہ کے لیے روڈ شو کرنے کے ساتھ ساتھ جنگ پورہ میں ڈور ٹو ڈور مہم بھی چلائی اور کچھ ویڈیو پیغام جاری کر عوام سے کانگریس امیدواروں کی حمایت کرنے کی گزارش بھی کی۔ راہل گاندھی نے کالکاجی اسمبلی حلقہ سے کانگریس امیدوار الکا لامبا کی حمایت میں منعقد روڈ شو میں حصہ لیا اور عوام سے کانگریس کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔ وہ گاڑی میں کھلی چھت پر سوار تھے اور ان کے ساتھ الکا لامبا بھی بیٹھی ہوئی تھیں۔ دونوں لوگوں کی جمع بھیڑ کا ہاتھ لہرا کر استقبال کرتے ہوئے اور ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دکھائی دیے۔ اسی طرح پرینکا گاندھی کستوربا نگر اسمبلی حلقہ سے کانگریس امیدوار ابھشیک دتہ کے ساتھ گاڑی کی چھت پر سوار نظر آئیں۔ وہ سڑک سے گزرتے ہوئے دونوں طرف موجود مکانات سے جھانکتی خواتین اور بچوں کا مسکرا کر استقبال کر رہی تھیں۔ انھوں نے کچھ مقامات پر رک کر کانگریس امیدواروں کو کامیاب بنانے کی اپیل بھی عوام سے کی۔ کانگریس نے اس روڈ شو کی ویڈیو اپنے ’ایکس‘ ہینڈل سے شیئر کی ہے اور لکھا ہے ’’دہلی کی محبت اور بھروسہ صرف کانگریس کے ساتھ ہے۔ ہم نے کیا تھا، پھر کر دکھائیں گے۔ دہلی کی خوشحالی واپس لے کر آئیں گے۔‘