نئی دہلی، 18 فروری (یو این آئی) کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ’ڈبل انجن‘ حکومت کے نعرے پر حملہ کرتے ہوئے آج کہا کہ مودی راج میں بے روزگاری اپنے عروج پر ہے اور ’ڈبل انجن‘ حکومت کا مطلب بے روزگاری کی ڈبل مار ہوگیاہے۔ مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مسٹر گاندھی نے آج یہاں جاری ایک بیان میں کہا ’’ڈبل انجن والی حکومت کا مطلب بے روزگاروں پر ڈبل مار ہے۔ آج اتر پردیش کا ہر تیسرا نوجوان بے روزگاری کی بیماری میں مبتلا ہے۔ جہاں 1.5 لاکھ سے زیادہ سرکاری عہدے خالی ہیں۔ وہاں، کم سے کم اہلیت والی پوسٹوں کے لیے بھی گریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ اور پی ایچ ڈی یافتہ لائن لگاکر کھڑے ہیں۔‘‘ان کا کہنا تھا کہ ’سب سے پہلے تو بھرتی نکلنا خواب ہے، بھرتی نکلے تو پیپر لیک ہو جاتا ہے، پیپر دیا جائے تو نتیجہ کا پتہ نہیں چلتا اور طویل انتظار کے بعد نتیجہ آنے پر بھی اکثر ایک جوائننگ کے لیے عدالت کے چکر لگانے پڑتے ہیں۔فوج سے لے کر ریلوے اور تعلیم سے لے کر پولیس میں بھرتی کے لیے ۔لاکھوں طلبا برسوں سے انتظار کر کے اوور ایج ہو چکے ہیں۔مایوسی کے اس چکر میں پھنس کر طالب علم ذہنی دباؤ کا شکار ہو کر ٹوٹ رہے ہیں اور ان سب سے پریشان ہوکر جب وہ اپنے مطالبات کے ساتھ سڑکوں پر نکلتے ہیں تو انہیں پولیس کی لاٹھیاں ملتی ہیں۔‘‘ کانگریس کی حکومت بننے پر سب کو انصاف فراہم کرنے کے بارے میں بات کرتے ہوئے، مسٹر گاندھی نے کہا ’’ایک طالب علم کے لیے نوکری صرف آمدنی کا ذریعہ نہیں ہے بلکہ اپنے خاندان کی زندگی کو بدلنے کا ایک خواب بھی ہے اور اس خواب کے ٹوٹنے کے ساتھ ہی، پورے خاندان کی امیدیں دم توڑ جاتی ہیں۔ کانگریس کی پالیسیاں نوجوانوں کے خوابوں کے ساتھ انصاف کریں گی، ہم ان کی تپسیا کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔