برسبین، 17 دسمبر (یو این آئی) بارڈر گواسکر ٹرافی کے ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جا رہے تیسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن منگل کو بارش کی وجہ سے ہونے والے میچ میں ہندوستان نے کے ایل راہل (84)، رویندر جڈیجہ (77) اور آکاش دیپ (ناٹ آؤٹ 27) رنز کے دلیرانہ نصف سنچری اننگز کی مدد سے 9 وکٹوں پر 252 رنز بنائے ہیں۔ دن کے کھیل کے اختتام پر جسپریت بمراہ (ناٹ آؤٹ 10) اور آکاش دیپ (27 ناٹ آؤٹ) کریز پر موجود ہیں۔ لنچ کے بعد بارش رکی تو رویندر جڈیجہ اور نتیش کمار ریڈی کی جوڑی بلے بازی کے لیے آئی اور 53 رنز کی اہم شراکت داری کی۔ 60ویں اوور میں پیٹ کمنز نے نتیش کمار ریڈی (16) کو بولڈ کرکے اس شراکت کو توڑا۔ پانچ رنز بعد مچل اسٹارک نے محمد سراج (ایک) کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو آٹھواں جھٹکا دیا۔
اس دوران جڈیجہ ایک سرے کو مضبوطی سے تھامے رہے۔ جڈیجہ نے 82 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ یہ ان کے ٹیسٹ کیریئر کی 22ویں ففٹی ہے۔ اس کے بعد پیٹ کمنز نے رویندر جڈیجہ کو ایم مارش کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر آسٹریلیا کو نویں کامیابی دلائی۔ جڈیجہ نے 123 گیندوں میں 77 رنز کی اننگز کھیلی، سات چوکے اور ایک چھکا لگایا اور 75ویں اوور میں آکاش دیپ نے پیٹ کمنز کی دوسری گیند پر چوکا لگا کر ہندوستان کو دھچکے سے بچا لیا۔ دن کا کھیل ختم ہونے پر ہندوستان نے نو وکٹوں پر 252 رنز بنائے تھے اور جسپریت بمراہ (10 ناٹ آؤٹ) اور آکاش دیپ (27 ناٹ آؤٹ) کریز پر موجود تھے۔ ہندوستان اب بھی آسٹریلیا کے پہلی اننگز میں بنائے گئے 445 رنز سے 193 رنز پیچھے ہے۔ اس سے پہلے آج ہندوستان نے چار وکٹ پر 51 رن سے کھیلنا شروع کیا۔ ٹیم کے اسکور میں صرف 23 رنز کا اضافہ ہوا تھا کہ پیٹ کمنز نے 10 کے اسکور پر روہت شرما کو اپنا شکار بنا کر آسٹریلیا کو پانچواں جھٹکا دیا۔
راہل اور روہت کے درمیان 30 رنز کی شراکت ہوئی۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آئے رویندرا جڈیجہ اور کے ایل راہل نے چھٹی وکٹ کے لیے 67 رنز جوڑے۔ اس دوران کے ایل راہل نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 17ویں نصف سنچری بنائی۔ اس سیریز میں یہ ان کی دوسری نصف سنچری ہے۔ راہل نے 139 گیندوں میں آٹھ چوکوں کی مدد سے (84) رن بنائے۔ اس سے قبل پیر کو یشسوی چار رن بنانے کے بعد، گل ایک رن بنانے کے بعد، وراٹ تین رن بنانے کے بعد اور پنت نو رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے کمنز نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ مچل اسٹارک نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ ہیزل ووڈ اور نیتھن لیون نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔