بھوپال، 12 فروری (رپورٹر) مدھیہ پردیش کی پانچ راجیہ سبھا سیٹوں کے لیے انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ کانگریس کے کئی راجیہ سبھا امیدواروں کے نام زیر بحث ہیں۔ اس میں پی سی سی چیف جیتو پٹواری کا نام بھی شامل ہے۔ پیر کو جب میڈیا کے ذریعہ پوچھا گیا تو پٹواری نے کہا کہ وہ راجیہ سبھا ممبر کی دوڑ میں شامل نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک شخص اور ایک عہدے کے وقار کے ساتھ کھڑے ہیں اور رہیں گے۔
پٹواری نے کانگریس قائدین کو انکم ٹیکس کی طرف سے نوٹس موصول ہونے پر کہا کہ ملک اور ریاست میں کانگریس پارٹی کے سینکڑوں لیڈروں اور کارکنوں کو سمن جاری کئے جانے کی خبریں سامنے آرہی ہیں۔ کانگریس قائدین کے خلاف محکمہ انکم ٹیکس کی طرف سے کی جارہی یہ کارروائی مرکزی حکومت کے کہنے پر انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی طرف سے صرف دباؤ ڈالنے کے لئے کی جارہی ہے اور یہ سیاسی مقاصد سے متاثر ہے۔ جب جب انتخابات آتے ہیں برسراقتدار بی جے پی کی یہ گھناؤنی حرکت کرنے کا طریقہ سامنے آنے لگتا ہے۔
پٹواری نے کہا کہ اس سے پہلے بھی 2019 میں لوک سبھا انتخابات سے ٹھیک پہلے کانگریس لیڈروں کے خلاف انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے مرکزی حکومت کے دباؤ میں سیاسی مقاصد کی تکمیل کے لیے ایسی ہی کارروائی کی تھی، غیر قانونی طور پر چھاپے مارے گئے تھے، اس کارروائی کولیکر عدالت میں بھی چیلنج کیا گیا جو ابھی تک زیر التوا ہے۔ محکمہ انکم ٹیکس اس عدالتی عمل میں عدالت کے سامنے دستاویزات بھی پیش نہیں کر سکا۔ اسی طرح اب مستقبل قریب میں 2024 میں لوک سبھا کے انتخابات ہونے ہیں، تب مرکزی حکومت کے کہنے پر انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے وہی کارروائی دہرانا شروع کر دی ہے۔