بھوپال، 20 فروری (یو این آئی) مدھیہ پردیش کے پانچوں امیدواروں کو آج راجیہ سبھا انتخابات کے لیے بلا مقابلہ منتخب قرار دے دیا گیا۔راجیہ سبھا انتخابات کے لیے مقرر کردہ ریٹرننگ افسر سے موصولہ اطلاع کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کے چار امیدوار،مرکزی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات ایل مروگن، امیش ناتھ مہاراج، بنسی لال گجر اور محترمہ مایا نرولیا اور کانگریس کےایک امیدوار اشوک سنگھ کو آج سہ پہر بلامقابلہ منتخب قرار دیا گیا۔راجیہ سبھا انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی واپس لینے کا وقت آج سہ پہر 3 بجے مقرر کیا گیا تھا۔ اس ڈیڈ لائن کے بعد دونوں جماعتوں کے امیدوار بلا مقابلہ منتخب قرار پائے۔ریاستی اسمبلی میں بی جے پی کے ارکان کی تعداد کی بنیاد پر چار سیٹیں بی جے پی اور ایک دوسری سیٹ کانگریس کے حصے میں آئی ہے۔ 230 رکنی اسمبلی میں بی جے پی کے 163 اور کانگریس کے 66 ایم ایل اے ہیں۔ ایک اور ایم ایل اے کملیش ڈوڈیار نے بھارت آدیواسی پارٹی کے بینر تلے سیلانہ اسمبلی سیٹ سے الیکشن جیتا ہے۔ مدھیہ پردیش سے بی جے پی لیڈر اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ اجے پرتاپ سنگھ، کیلاش سونی، دھرمیندر پردھان اور ڈاکٹر ایل مروگن کی میعاد 2 اپریل کو ختم ہو رہی ہے۔ کانگریس کے راجیہ سبھا ایم پی راجمنی پٹیل بھی 02 اپریل کو اپنی میعاد پوری کریں گے۔