جے پور، 09 اپریل (یو این آئی) راجستھان رائلز بدھ کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 24 ویں میچ میں اپنی پانچویں جیت درج کرنے کی کوشش کرے گی اور گجرات جائنٹس کی نظریں آخری دو میچوں میں ملی شکست کا سلسلہ توڑنے پر مرکوز ہوں گی۔راجستھان رائلز کے ریان پراگ اور کپتان سنجو سیمسن بیٹنگ میں اور یوجویندر چہل بولنگ میں شاندار فارم میں ہیں اور ٹیم نے گزشتہ چار میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ راجستھان ان جیتوں سے پرجوش ہے اور اسے برقرار رکھنا چاہے گا۔ خراب فارم سے دوچار گجرات کی ٹیم اپنے آخری دو میچوں میں شکست کو بھول کر نئے جوش و جذبے کے ساتھ میدان میں اترے گی۔کارکردگی کے لحاظ سے راجستھان رائلز نے کپتان سنجو سیمسن کے ناٹ آوٹ 82 رن اور ریان پراگ کی 43 رن کی اننگز کی بنیاد پر لکھنؤ سپر جائنٹس کو 20 رن سے شکست دے کر اپنی پہلی جیت درج کی تھی۔ اس کے بعد راجستھان نے ریان پراگ کے ناٹ آوٹ 84 رن اور چہل اور ناندرے برجر کے دو دو وکٹوں کی بنیاد پر دہلی کیپٹلس پر 12 رن سے جیت درج کی۔ تیسرے میچ میں ممبئی انڈینز کو ریاگ پراگ کی 54 رن کی ناٹ آوٹ اننگز اور ٹرینٹ بولڈ اور یوجویندر چہل کی تین تین وکٹوں کی بدولت چھ وکٹوں سے شکست ہوئی۔ چوتھے میچ میں جوس بٹلر کے ناٹ آوٹ 100 رن اور سنجو سیمسن کی کپتانی میں 69 رن کی اننگز کی بنیاد پر ہدف پانچ گیندیں باقی رہتے حاصل کر لیا اور رائل چیلنجرز بنگلور کو چھ وکٹوں سے شکست دی اور گزشتہ میچوں میں فتح سے پرجوش ہیں۔ گزشتہ میچوں کے مطابق راجستھان کے کپتان سنجو سیمسن اور ریان پراگ شاندار بلے بازی سے شائقین کو لطف اندوز کررہے تھے۔ اس کے ساتھ ہی یوجویندر چہل کا بھی جلوہ برقرار ہے۔ راجستھان کے پاس چار میچوں میں مسلسل چار جیت کے ساتھ آٹھ پوائنٹس ہیں اور وہ پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست ہے۔اگر ہم گجرات جائنٹس کی بات کریں تو وہ بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں سطحوں پر جدوجہد کر رہے ہیں۔ تاہم اپنے پہلے میچ میں اس نے سائی سدرشن کی 45 رن کی اننگز اور پھر گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بنیاد پر ممبئی انڈینز کو چھ رن سے شکست دی تھی۔ اس کے بعد ٹیم کوشش کے لحاظ سے پیچھے رہ گئی اور دوسرے میچ میں چنئی سپر کنگز کے ہاتھوں 63 رن سے شکست کھا گئی۔ تیسرے میچ میں گجرات نے موہت شرما کی تین وکٹوں اور پھر سائی سدرشن کے 45 رن اور ڈیوڈ ملر کے 44 رنز کی شاندار بولنگ کی بنیاد پر سن رائزرز حیدرآباد کو سات وکٹوں سے شکست دی۔ چوتھے میچ میں انہیں کپتان شبھمن گل کی 89 رن کی ناٹ آوٹ اننگز کے باوجود تین وکٹوں سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ پانچویں میچ میں ان کی بلے بازی اور گیندبازی کی دھار کند نظر آئی اور وہ لکھنؤ سپر جائنٹس کے ہاتھوں 33 رن سے ہار گئے۔ گجرات کو اپنے پانچ میچوں میں سے تین میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور پانچ میچوں میں اس کے چار پوائنٹس ہیں اور وہ ٹیبل میں ساتویں نمبر پر ہے۔ اگر اسے شکست کا سلسلہ توڑنا ہے تو اسے ٹیم کی کوششوں کے ساتھ ساتھ بلے اور گیند دونوں سے اچھی کارکردگی دکھانی ہوگی۔