جے پور، 24 مارچ (یو این آئی) کپتان سنجو سیمسن کی 82 رنز کی ناٹ آؤٹ نصف سنچری اور ریان پراگ کی 43 رنز کی اننگز کی بدولت گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت راجستھان رائلز نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے اتوار کو کھیلے گئے چوتھے میچ میں لکھنؤ سپر جائنٹس کو 20 رنز سے شکست دے دی۔194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لکھنؤ سپر جائنٹس کی شروعات بہت خراب رہی اور اس نے اپنی تین وکٹیں گنوا دیں، کوئنٹن ڈی کاک چار رنز پر، دیودت پڈیکل صفر پر اور آیوش بدونی صرف 11 رنز کے اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔ تاہم اوپننگ بلے باز کپتان کے ایل راہل ایک سرے پر رہے۔ انہوں نے 44 گیندوں میں چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیپک ہڈا 13 گیندوں میں 26 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور مارکس اسٹونیس تین رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ نکولس پوران آخر تک ڈٹے رہے اور 41 گیندوں میں چار چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 64 رنز بنائے۔ کرونل پانڈیا تین رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ لکھنؤ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹ پر صرف 173 رنز بنا سکی اور مقابلہ 20 رنز سے ہار گئی۔
آر آر کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ ناندرے برجر، روی اشون، یوزویندر چہل اور سندیپ شرما نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل راجستھان رائلز نے لکھنؤ سپر جائنٹس کو جیت کے لیے 194 رنز کا ہدف دیا تھا۔آج سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم میں راجستھان رائلز (آر آر) کے کپتان سنجو سیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے آنے والے آر آر کا آغاز اچھا نہیں تھا اور وہ 13 رنز کے اسکور پر 11 رنز پر اوپنر جوس بٹلر کی وکٹ گنوا بیٹھے۔ اس کے بعد یشسوی جیسوال اور کپتان سنجو سیمسن نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے ابھی 36 رنز جوڑے ہی تھے کہ محسن خان نے انہیں 24 رنز پر کرونل پانڈیا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔ 15 ویں اوور میں نوین الحق نے سنجو سیمسن کے ساتھ جاری شراکت داری کو توڑا اور ریان پیراگ کو ڈی جے ہڈا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔
دونوں بلے بازوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 93 رنز جوڑے۔ ریان پراگ نے 29 گیندوں میں ایک چوکے اور تین چھکوں کی مدد سے 43 رنز بنائے۔ اگلے ہی اوور میں بشنوئی نے شمرون ہیٹمائر کو پانچ رنز پر آؤٹ کر دیا۔ سنجو سیمسن نے 52 گیندوں میں تین چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 82 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ جبکہ دھرو جریل 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ آر آر نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں پر 193 رنز بنائے۔ لکھنؤ سپر جائنٹس کی جانب سے نوین الحق نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ محسن خان اور روی بشنوئی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔