بنگلورو، 24 فروری (یو این آئی) رچا گھوش کی 62 رن کی نصف سنچری اور ایس میگھنا کی 53 رن کی نصف سنچری کی مدد سے ہفتہ کو ویمنز پریمیئر لیگ کے دوسرے میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور ویمن نے یوپی واریئرز ویمن کو جیت کے لیے 158 رنوں کا ہدف دیا ہے۔یہاں آج یوپی واریئرس ویمن نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے آنے والی رائل چیلنجرز بنگلور کی خاتون ٹیم کا آغاز انتہائی خراب رہا اور ان کی دونوں اوپنرز سوفی ڈیوائن اور اسمرتی مندھانا ایک رن اور 13 رن بنانے کے بعد سستے میں پویلین لوٹ گئیں۔ اس کے بعد ایس میگھنا نے احتیاط سے کھیلتے ہوئے 44 گیندوں میں سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 53 رنز بنائے۔ ایلیز پیری آٹھ رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ رچا گھوش نے 37 گیندوں میں 12 چوکوں کی مدد سے 62 رنز بنائے۔ سوفی مولینو نو رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں اور شریانکا پاٹل آٹھ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ رائل چیلنجرز بنگلور نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں پر 157 رنز کا مشکل اسکور بنایا۔یوپی واریئرز کی جانب سے راجیشوری گائیکواڑ نے دو وکٹ حاصل کئے۔ دپتی شرما، سوفی ایکلسٹن، تالیا میک گرا اور گریس ہیرس نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔