قاہرہ، 29 جنوری (یو این آئی) ہندوستان کے دیویانش سنگھ پنوار نے آئی ایس ایس ایف ورلڈ کپ 2024 میں مردوں کے 10 میٹر ایئر رائفل شوٹنگ مقابلے میں طلائی تمغہ جیت لیا۔اتوار کو کھیلے گئے مقابلے میں ٹوکیو اولمپین دیویانش سنگھ پنوار 632.4 کے اسکور کے ساتھ کوالیفکیشن راؤنڈ میں سرفہرست رہے اور ہم وطن ارجن بابوتا کے ساتھ میڈل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کیا، جو کوالیفائنگ راؤنڈ میں 630.7 کے اسکور کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے۔ سندیپ سنگھ 630.4 کے اسکور کے ساتھ ساتویں، رودراکش بالاصاحب پاٹل 629.3 کے اسکور کے ساتھ 11ویں نمبر پر رہے۔فائنل میں دیویانش سنگھ پنوار ایک بار پھر 253.7 کے اسکور کے ساتھ ٹاپ پر رہتے ہوئے ایک عالمی ریکارڈ بنایا۔ اٹلی کے ڈینیلو ڈینس سولازو نے 251.8 کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا، جب کہ سربیا کے شوٹر لازر کوواسوک نے 230.6 کے ساتھ کانسہ کا تمغہ حاصل کیا۔ ارجن بابوتا 166.1 کے اسکور کے ساتھ چھٹے نمبر پر رہے۔ایک اور مقابلے میں، سونم اتم مسکر نے اپنے پہلے آئی ایس ایس ایف ورلڈ کپ میں حصہ لیتے ہوئے مصر انٹرنیشنل اولمپک سٹی شوٹنگ رینج میں خواتین کے 10 میٹر ایئر رائفل مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیتا۔سونم نے فائنل میں 252.1 کا اسکور کیا اور وہ جرمنی کی اینا جانسن سے 0.9 پیچھے تھیں۔ پولینڈ کی انیتا اسٹانکیویز (230.4) نے ہندوستان کی نینسی (209.5) کو پیچھے چھوڑتے ہوئے کانسہ کا تمغہ جیتا۔ سونم اور نینسی نے بالترتیب 632.7 اور 633.1 کے اسکور کے ساتھ فائنل میں جگہ بنائی تھی اور بالترتیب پانچویں اور چوتھے مقام پر 60 شاٹ کوالیفکیشن راؤنڈ ختم کیا تھا۔ہندوستان کی تلوتما سین 627.6 کے اسکور کے ساتھ کوالیفکیشن میں 29 ویں نمبر پر تھیں، جب کہ آر پی او کے لیے کھیلنے والی رمیتا 632.0 کے اسکور کے ساتھ 10 ویں نمبر پر رہیں۔دو طلائی اور تین چاندی کے ساتھ، ہندوستان پہلے آئی ایس ایس ایف ورلڈ کپ میڈل ٹیبل میں سب سے سرفہرست ہے۔