نئی دہلی2جنوری:دہلی یونیورسٹی کے نئے کالج کا افتتاح پی ایم مودی کے ہاتھوں کرنے کی تیاری تقریباً پوری ہو چکی ہے۔ اس کالج کا نام وی ڈی ساورکر کے نام پر رکھا جانا ہے، لیکن این ایس یو آئی (نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا) کے قومی صدر ورون چودھری نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر اس کالج کا نام سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے نام پر رکھنے کی گزارش کی ہے۔ ورون چودھری نے ڈاکٹر منموہن سنگھ کی وراثت کو احترام دینے کے لیے تعلیمی اداروں کا نام ان کے نام پر رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ورون چودھری نے پی ایم مودی کو لکھے گئے خط میں ہندوستانی تعلیمی نظام کے لیے ڈاکٹر منموہن سنگھ کے قابل قدر تعاون کا تذکرہ کیا ہے، جس میں سنٹرل یونیورسٹی ایکٹ 2009، رائٹ ٹو ایجوکیشن ایکٹ اور ملک بھر میں آئی آئی ٹی، آئی آئی ایم اور ایمس جیسے اہم اداروں کا قیام شامل ہے۔ این ایس یو آئی کی طرف سے ورون چودھری نے 3 اہم مطالبات پی ایم مودی کے سامنے رکھے ہیں۔ وہ مطالبات اس طرح ہیں: دہلی یونیورسٹی کے تحت ایک عالمی سطح کے کالج کا نام ڈاکٹر منموہن سنگھ جی کے نام پر رکھا جائے۔ڈاکٹر منموہن سنگھ کے نام پر ایک سنٹرل یونیورسٹی قائم کی جائے۔ ان کی جدوجہد، فضیلت اور عوامی خدمت کی کہانی کو تعلیمی نصاب میں شامل کیا جائے تاکہ آنے والی نسلیں ان سے ترغیب حاصل کر سکیں۔ ورون چودھری نے خط میں لکھا ہے کہ ’’ڈاکٹر منموہن سنگھ کی دور اندیش قیادت نے ہندوستان کے نظامِ تعلیم کو انقلابی طریقے سے بدل دیا، جس سے لاکھوں طلبا کو فائدہ ہوا اور عالمی پیمانے قائم ہوئے۔ ان کے نام پر اداروں کا نام رکھنا ان کی وراثت کو احترام دینے کا سب سے مناسب طریقہ ہوگا۔‘‘ ورون چودھری نے یہ خط مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کو بھی بھیجا ہے۔