نئی دہلی16ستمبر:دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے 15 ستمبر کو استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا، لیکن باضابطہ طور پر استعفیٰ وہ کل لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ سے ملاقات کے دوران دے سکتے ہیں۔ دراصل وزیر اعلیٰ کیجریوال نے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ سے ملاقات کا وقت مانگا ہے۔ اس سلسلے میں ایل جی سکریٹریٹ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ ایل جی سکسینہ اور وزیر اعلیٰ کے درمیان کل یعنی منگل کو دوپہر بعد 4.30 بجے ملاقات ہوگی۔ اس سے قبل عآپ کی طرف سے جانکاری دی گئی ہے کہ اروند کیجریوال وزیر اعلیٰ عہدہ سے استعفیٰ دے سکتے ہیں۔ کیجریوال کی طرف سے حیرت انگیز طور پر استعفیٰ دیے جانے کے بعد اب نئے وزیر اعلیٰ کے نام کو لے کر قیاس آرائیوں کا دور چل پڑا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کیجریوال نے کل ہی یہ بھی واضح کر دیا کہ ان کی جگہ منیش سسودیا بھی دہلی کے وزیر اعلیٰ نہیں ہوں گے۔
اس درمیان مرکز کے زیر انتظام خطہ دہلی کے لیے نیا وزیر اعلیٰ منتخب کرنے سے متعلق آج شام کو عآپ کی کمیٹی برائے سیاسی امور کی میٹنگ سمیت کئی اہم میٹنگیں کیے جانے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ دوسری طرف پارٹی سے منسلک لیڈروں کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ عآپ کے سینئر لیڈر اور دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا آج صبح نئے وزیر اعلیٰ کے ممکنہ ناموں پر تبادلہ خیال کے لیے کیجریوال کی سرکاری رہائش پر گئے تھے۔ اس کے بعد پارٹی کی کمیٹی برائے سیاسی امور (پی اے سی) کی میٹنگ آج شام کو ہی وزیر اعلیٰ کی سرکاری رہائش پر ہونے والی ہے۔