نئی دہلی 8جون:دہلی کے نریلا انڈسٹریل ایریا میں ایک دال فیکٹری میں زبردست آگ لگ گئی جس میں جھلس کر تین لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ 6 لوگ شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 15 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ دہلی فائر سروس کے عملے نے طویل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ اس سے قبل آگ لگتے ہی افراتفری کے درمیان فیکٹری میں کام کرنے والے ملازمین اپنی جان بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگنے لگے۔ فیکٹری کے مزدور بھی مدد کے لیے چیخ رہے تھے۔ اس دوران لوگوں نے آگ بجھانے والے محکمے کو واقعے کی اطلاع دی۔ فیکٹری میں ہر طرف خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ دہلی پولیس کے مطابق اس بڑے پیمانے پر آتشزدگی کے واقعہ میں لاپرواہی برتنے پر آئی پی سی کی کئی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جا رہا ہے جبکہ مزید تفتیش بھی جاری ہے۔ واضح رہے کہ دہلی میں گزشتہ کچھ دنوں سے جاری سخت گرمی کے درمیان آگ لگنے کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ آگ لگنے کے ان واقعات کے پیش نظر دہلی حکومت نے تمام متعلقہ ایجنسیوں کو حفاظتی اقدامات پر زور دینے کی ہدایت جاری کی ہے۔ دہلی حکومت کی طرف سے جاری کردہ حکم میں کہا گیا تھا کہ ہر قیمت پر فائر سیفٹی کے معیارات پر عمل کیا جائے۔