نئی دہلی یکم اگست:دہلی میں بدھ کے روز ہوئی موسلادھار بارش نے کئی مقامات پر آبی جماؤ کا مسئلہ پیدا کر دیا ہے۔ جگہ جگہ ندی جیسا نظارہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ لیکن حیران کرنے والی بات یہ ہے کہ اس بارش نئی پارلیمنٹ کی عمارت کو بھی ’پانی پانی‘ کر دیا ہے۔ دراصل نئی پارلیمنٹ کی چھت سے پانی ٹپکتا ہوا دیکھا گیا جس نے سبھی کو حیران کر دیا ہے۔ نو تعمیر پارلیمنٹ ہاؤس کے چھت سے ٹپکتے ہوئے پانی کی ویڈیو کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر بھی کی ہے۔ پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں آبی جماؤ پر کانگریس رکن پارلیمنٹ منکم ٹیگور نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے اور اس سلسلے میں ایک نوٹس بھی لوک سبھا میں دیا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پر لکھا ہے کہ ’’میں اس ایوان کی کارروائی ملتوی کرنے کے لیے ایک قرارداد لانے کی اجازت مانگنے کے اپنے ارادہ کی اطلاع دیتا ہوں، تاکہ ایک اہم موضوع پر بحث کی جا سکے۔‘‘ بتایا جاتا ہے کہ منکم ٹیگور نے لوک سبھا اسپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے جو عرضی لکھی ہے اس میں بدھ کے روز ہوئی بارش کے بعد پیدا فکر انگیز حالات کا تذکرہ ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’کل بارش کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے لابی میں پانی کا رساؤ ہوا اور کئی جگہ پانی بھر گیا۔ جس راستے سے صدر جمہوریہ نئے پارلیمنٹ ہاؤس میں داخل ہوتے تھے، وہیں پر یہ دقت ہے۔ یہ واقعہ عمارت میں موجود دقتوں کو ظاہر کرتا ہے، جبکہ اسے بنے ابھی ایک سال ہی ہوئے ہیں۔‘‘