نئی دہلی 6جنوری:اس سال دہلی میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ ایسے میں کانگریس نے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ‘پیاری دیدی یوجنا کا اعلان کیا ہے۔ کانگریس نے برسراقتدار آنے پر ہر خاتون کو 2500 روپے ماہانہ دینے کا وعدہ کیا ہے۔ کانگریس کی طرف سے پیر کو ‘پیاری دیدی یوجنا کا اعلان کرتے ہوئے کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیو کمار نے کہا کہ حکومت میں آنے کے بعد کابینہ کی پہلی میٹنگ میں ہی اس منصوبہ کو منظوری دے دیں گے۔ اس سلسلے میں معنقد ایک پریس کانفرنس میں ڈی کے شیو کمار نے کہا “آج میں یہاں ‘پیاری دیدی منصوبہ کا آغاز کرنے آیا ہوں۔ مجھے پورا یقین ہے کہ کانگریس دہلی میں حکومت بنائے گی اور ہم ہر خاتون کو 2500 روپے دیں گے اور اس کا فیصلہ کابینہ کی پہلی میٹنگ میں ہی کیا جائے گا۔ یہ اسی ماڈل پر ہے جو ہم نے کرناٹک میں نافذ کیا تھا”۔ اس موقع پر دہلی کانگریس کے انچارج قاضی نظام الدین نے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات کے لیے کانگریس پارٹی سماجی فلاح اور خواتین اختیار کاری سے جڑی پہلی گارنٹی لانچ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی فلاح اور خواتین کو بااختیار کرنے کے لیے کانگریس ہمیشہ کام کرتی رہی ہے۔ نظام الدین نے کہا کہ کرناٹک میں بھی حکومت بنتے ہی کانگریس نے سماجی فلاح کا اپنا منصوبہ پہلی کابینہ میں ہی طے کرکے نافذ کر دیا تھا۔ اس لیے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے دہلی میں کانگریس کی حکومت ضروری ہے۔ کانگریس کے اس اعلان کو دہلی انتخابات میں خواتین ووٹروں کو راغب کرنے کی کوشش مانا جا رہا ہے۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری ووٹر لسٹ کے مطابق دہلی میں 71 لاکھ خاتون ووٹر ہیں۔ اس سے پہلے عام آدمی پارٹی نے اپنی حکومت پھر سے بننے پر ہر خاتون کو 2100 روپے ماہانہ دینے کا وعدہ کیا تھا۔ عام آدمی پارٹی کی طرف سے خواتین کا رجسٹریشن بھی شروع ہو گیا ہے، ایسے میں اب سبھی کی نظریں بی جے پی کے اگلے قدم پر ٹک گئی ہے کہ اس طرف سے کیا اعلان ہونے والا ہے۔