چندی گڑھ، 12 فروری (یو این آئی) کسانوں کو دہلی پہنچنے سے روکنے کے لیے سڑکوں کو بند کرنے اور انٹرنیٹ خدمات کی معطلی کے درمیان منگل کو کسانوں کے دہلی مارچ کو دیکھتے ہوئے ہریانہ کے وزیر داخلہ انل وج نے پیر کو کہا کہ بات چیت سے بڑے بڑے مسائل حل ہو جاتے ہیں اور یہ مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔مسٹر وج نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا، “ہم اپنی ریاست کے لوگوں کی حفاظت اور امن برقرار رکھنے کے لیے جو بھی کرنا پڑے گا کریں گے۔” مسٹر وج نے کہا کہ کسان تنظیموں کے عہدیداروں کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور اس سلسلے میں مرکزی حکومت کے تین وزراء دہلی سے چندی گڑھ آئے ہیں، جس کے تحت بات چیت کا پہلا دور ہوچکا ہے اور بات چیت کا دوسرا دور ہونے جارہا ہے۔ ہزاروں کسانوں کے پنجاب سے ٹریکٹروں کے ساتھ دہلی کی طرف مارچ کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں، انہوں نے واضح کرنا چاہا کہ بات چیت اپنی جگہ ہے اور ہمیں اپنی ریاست کے لوگوں کے تحفظ اور امن کو برقرار رکھنے کے لیے جو بھی کرنا پڑے گا، ہم کریں گے۔