دہلی ایئرپورٹ پر بھارتیہ ہاکی ٹیم کا شاندار استقبال

0
5

نئی دہلی، 10 اگست (یو این آئی) پیرس اولمپکس 2024 میں کانسہ کا تمغہ جیتنے کے بعد ہفتہ کو وطن واپسی پر ہندوستانی ہاکی ٹیم کا دہلی کے ہوائی اڈے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ ایئرپورٹ پر ہندستانی کھلاڑیوں کا ان کے مداحوں نے ڈھول پیٹ کر پرتپاک استقبال کیا، ہاکی کے شائقین صبح سے ہی کھلاڑیوں کے انتظار میں ایئرپورٹ کے باہر جمع تھے۔ ہاکی کے کھلاڑی جیسے ہی ایئرپورٹ سے باہر آئے تو ہزاروں ہاکی شائقین ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے آنکھیں بچھائے انتظار کر رہے تھے۔ ہاکی ٹیم جیسے ہی باہر نکلی، ہندستان زندہ باد اور سرپنچ صاحب (کیپٹن ہرمن پریت سنگھ) کے نعرے لگ رہے تھے۔ یہ دیکھ کر کپتان اور ٹیم کے تمام ساتھی بھی بہت خوش نظر آئے۔ وزیر کھیل ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے پیرس اولمپک گیمز میں کانسہ کا تمغہ جیت کر وطن واپس آنے والی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور انہیں مبارکباد اورنیک خواہشات دیں۔ ڈاکٹر مانڈویہ نے تمام کھلاڑیوں کو گلدستہ پیش کرتے ہوئے ان کا خیرمقدم کیا۔ ڈاکٹر مانڈویہ نے کھلاڑیوں سے کہا کہ آپ نے 52 سال بعد مسلسل دوسری بار اولمپک گیمز میں تمغہ جیت کر ملک کا نام روشن کیا ہے، پورے ملک کو آپ سب پر فخر ہے۔ ہاکی کے عظیم کھلاڑی میجر دھیان چند کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ٹیم کے ارکان اپنے کانسہ کے تمغوں کے ساتھ نیشنل اسٹیڈیم پہنچے اور ہاکی کے جادوگر دھیان چند کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ہاکی انڈیا کے جنرل سکریٹری بھولا ناتھ سنگھ نے اختتامی تقریب میں ہندوستانی گول کیپر پی آر سریجیش کو پرچم بردار منتخب کیے جانے پر بات کی۔ انہوں نے کہا”پی آر سریجیش اس کے حقدار ہیں (اولمپکس کی اختتامی تقریب میں پرچم بردار ہونا)،”۔ ہاکی انڈیا حکومت ہند اور ہندوستانی اولمپک کمیٹی کا شکریہ ادا کرتی ہے کہ وہ انہیں یہ موقع فراہم کیا… یہ ایک زبردست جیت تھی، مسلسل دو تمغے جیتنا ایک بڑی کامیابی ہے لیکن ہمارا ہدف فائنل کھیلنا تھا لیکن ڈیفنڈر امیت روہیداس کو باہر بٹھانے میں ریفری کی غلطی کی وجہ سے ہمیں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اس لیے ہم یہاں کانسہ کے تمغے کے ساتھ ہیں، ورنہ تمغے کا رنگ بدل جاتا۔
ہندوستانی ہاکی ٹیم کے کپتان ہرمن پریت سنگھ نے وطن واپس آکر کہا کہ ’ تمغہ تو تمغہ ہوتا ہے اور اسے جیتنا ملک کے لیے بڑی بات ہے۔ ہم نے فائنل میں پہنچنے اور گولڈ میڈل جیتنے کی کوشش کی لیکن بدقسمتی سے ہمارا خواب پورا نہ ہوسکا لیکن ہم خالی ہاتھ نہیں لوٹے ہیں مسلسل تمغے جیتنا اپنے آپ میں ایک ریکارڈ ہے۔ ہمیں جو پیار ملا ہے وہ بہت بڑی چیز ہے۔ یہ ان (پی آر سریجیش) کے لیے ایک جذباتی لمحہ تھا کیونکہ وہ اپنا آخری میچ کھیل رہے تھے۔ وہ ریٹائر ہو چکے ہیں، لیکن وہ ہمارے ساتھ رہیں گے۔ میں حکومت ہند، اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا اور حکومت اوڈیشہ کا ان کے تعاون کے لیے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ہمیں جو پیار مل رہا ہے وہ ہماری ذمہ داری کو دگنا کر دیتا ہے، ہم جب بھی کھیلیں گے ملک کے لیے میڈل جیتنے کی کوشش کریں گے۔ ہاکی انڈیا نے ہندوستانی ہاکی ٹیم کے ہر کھلاڑی کو 15 لاکھ روپے اور معاون عملے کے ہر رکن کو 7.5 لاکھ روپے انعام دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ پیرس اولمپکس 2024 میں ہندوستان نے اسپین کے خلاف 2-1 سے جیت کر کانسہ کا تمغہ جیتا ۔ ہندوستان نے نہ صرف مردوں کی ہاکی میں کانسہ کا تمغہ جیتا بلکہ 1972 کے بعد پہلی بار مسلسل دو بار اولمپک پوڈیم میں جگہ بنائی۔