نئی دہلی14جنوری: دہلی حکومت کے سابق وزیر اور کانگریس کے سینئر لیڈر ڈاکٹر نریندر ناتھ نے منگل (14 جنوری) کے روز 5 ایل ای ڈی وَین کو ہری جھنڈی دکھا کر دہلی کے 70 اسمبلی حلقوں کے لیے روانہ کیا۔ وَین کے ذریعہ ایک طرف جہاں کانگریس دہلی کی عوام کے لیے اعلان کردہ اپنی 5 گارنٹیوں کو گھر گھر پہنچانے کی کوشش کرے گی، وہیں دوسری جانب گزشتہ 10 سالہ دور حکومت میں کیجریوال نے دہلی اور دہلی کے لوگوں کی کیا حالت کر رکھی ہے، اس سے بھی عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں لوگوں کو یہ بھی بتایا جائے گا کہ کیجریوال کے ذریعہ کیے گئے اب تک کے تمام وعدے جھوٹے اور ادھورے ثابت ہوئے ہیں۔ اگر کانگریس دوبارہ حکومت میں آتی ہے تو وہ عوام سے کیے گئے تمام وعدوں کو اسی طرح پورا کرے گی جس طرح کانگریس یا انڈیا اتحاد حکومت والی ریاستوں میں پورے کیے جا رہے ہیں۔
کانگریس کی گارنٹی کو لوگوں تک پہنچانے والی وَین پر جو ٹیگ لائن ہے اس میں لکھا گیا ہے ’10 سال سے رکے وِکاس کو آگے بڑھانے کے لیے کانگریس ضروری ہے۔‘ ایل ای ڈی وَین روانہ کیے جانے کے موقع پر موجود اہم لیڈران میں اے آئی سی سی کے قومی ترجمان ابھے دوبے، سدھارتھ راؤ، جتن شرما، تصویر سولنکی، ترجمان اسماء تسلیم، رشمی سنگھ مِگلانی اور ارون اگروال شامل تھے۔ اس ایل ای ڈی وَین کے ذریعہ کانگریس پارٹی، رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی اور دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دویندر یادو کے ذریعہ کیے گئے وعدوں کو تمام 70 اسمبلی حلقوں کی عوام تک پہنچایا جائے گا۔