نئی دہلی7جنوری: الیکشن کمیشن نے دہلی اسمبلی انتخابات 2025 کے لیے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے دہلی کے وگیان بھون میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی میں 70 اسمبلی حلقوں میں ایک ہی مرحلے میں انتخابات کرائے جائیں گے۔ ووٹنگ 5 فروری 2025 بروز بدھ ہوگی، جبکہ ووٹوں کی گنتی 8 فروری 2025 کو ہوگی۔ پریس کانفرنس میں جاری تفصیلات کے مطابق، انتخابات کا گزٹ نوٹیفکیشن 10 جنوری 2025 کو جاری ہوگا۔ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 17 جنوری مقرر کی گئی ہے، جبکہ نامزدگیوں کی جانچ پڑتال 18 جنوری کو کی جائے گی۔ امیدواروں کو 20 جنوری تک نام واپس لینے کی اجازت ہوگی۔ ووٹنگ 5 فروری کو ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 8 فروری کو ہوگی۔ انتخابی عمل 10 فروری تک مکمل کر لیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے انتخابات کے دوران شفافیت اور منصفانہ عمل کو یقینی بنانے کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ انتخابی ضابطہ اخلاق فوری طور پر نافذ ہو چکا ہے، جس کے تحت سرکاری اسکیموں کے اعلانات اور دیگر ترقیاتی کاموں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لیے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں۔ قبل ازیں، پیر کو الیکشن کمیشن نے دہلی کی حتمی ووٹر لسٹ جاری کی، جس کے مطابق اس مرتبہ دہلی میں کل 1 کروڑ 55 لاکھ 24 ہزار 858 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔ ان میں مرد ووٹرز کی تعداد 83,49,645، خواتین ووٹرز کی تعداد 71,73,952 جبکہ تھرڈ جینڈر ووٹرز کی تعداد 1,261 ہے۔ یہ ووٹر لسٹ اس وقت جاری کی گئی جب ووٹرز کے نام ہٹانے کے الزامات کا تنازع سامنے آیا تھا۔ عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کچھ دن پہلے بی جے پی پر ووٹر لسٹ سے نام خارج کرنے کے لیے درخواستیں جمع کرانے کا الزام لگایا تھا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق، 2020 کے اسمبلی انتخابات کے مقابلے میں اس بار دہلی میں 7.26 لاکھ نئے ووٹرز شامل ہوئے ہیں، جبکہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے مقابلے میں ووٹرز کی تعداد میں 3.10 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔