نئی دہلی15جنوری: اوکھلا اسمبلی حلقے سے کانگریس نے عریبا خان کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ عریبا نے پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اوکھلا میں کانگریس کو جیت دلانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے موجودہ ایم ایل اے امانت اللہ خان کو ’عارضی ایم ایل اے‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے علاقے کے لیے کوئی اہم کام نہیں کیا۔ عریبا خان نے آئی اے این ایس سے بات کرتے ہوئے الزام لگایا کہ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے اوکھلا کے ساتھ امتیازی سلوک کیا ہے۔ ان کے بقول، ’’کیجریوال حکومت نے پچھلے دس برسوں میں ترقیاتی کاموں کے بجائے بدعنوانی اور اپنی جیبیں بھرنے کا کام کیا ہے۔‘‘ کانگریس امیدوار نے کہا کہ دو سال قبل انہوں نے کانگریس کے ٹکٹ پر کونسلر کا انتخاب جیتا تھا اور اب وہ اسمبلی الیکشن میں بھی جیت کی امید رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’اوکھلا بدحال اسمبلی حلقوں میں سے ایک بن چکا ہے اور یہاں کے عوام کو ایک مستقل ایم ایل اے کی ضرورت ہے جو ان کی مشکلات کو سمجھے اور حل کرے۔‘‘ عریبا نے مزید کہا، ’’میں نے دیکھا کہ اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ 70 اسمبلی نشستوں پر ان کا چہرہ امیدوار ہوگا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ان کے ارکان اسمبلی نے کوئی کام نہیں کیا، اسی لیے انہیں اپنے چہرے پر ووٹ مانگنے کی نوبت آئی ہے۔‘‘ انہوں نے کانگریس کی قیادت اور پالیسیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس ہمیشہ عوامی بہبود کے لیے کام کرتی آئی ہے۔ ان کے بقول، ’’اس بار بھی ہم اوکھلا میں پوری طاقت سے الیکشن لڑیں گے اور یہ نشست کانگریس کی جھولی میں ڈالیں گے۔‘‘ واضح رہے کہ دہلی اسمبلی کی 70 نشستوں کے لیے انتخابات 5 فروری کو ہوں گے اور نتائج کا اعلان 8 فروری کو کیا جائے گا۔