لندن، 19 اگست (یو این آئی) ہندوستانی آل راؤنڈر دپتی شرما نے ویلش فائر کے ساتھ کھیلے گئے دلچسپ فائنل میچ کے آخری اوور میں چھکا لگا کر لندن اسپرٹ کو ویمنز دی ہنڈریڈ 2024 کا پہلا خطاب دلایا۔ ویمنز دی ہنڈریڈ کے فائنل میچ میں اسپرٹ نے ٹاس جیت کر فائر کو بلے بازی کی دعوت دی۔ بلے بازی کے لئے اتری فائر کی شروعات اچھی نہیں رہی اور جلد ہی اس کی تین وکٹیں گر گئیں۔ اس کے بعد جیس جانسن نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ جانسن کی نصف سنچری (54 رنز) کی بنیاد پر فائر نے آٹھ وکٹوں پر 115 رنز بنائے تھے۔ اسپرٹ کی جانب سے ایوا گرے اور سارہ گلین نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں اسپرٹ کا آغاز سست رہا اور 25 رنز پر دو وکٹیں گنوا دیں۔ تاہم اس کے بعد کپتان ہیتھرنائٹ اور جارجیا ریڈمین نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ نائٹ (24) کے آؤٹ ہونے کے بعد ڈینیئل گبسن نے آتے ہی چوکوں کی بارش شروع کر دی اور پانچ چوکے لگا کر میچ کا رخ اسپرٹ کے حق میں کر دیا۔ لیکن گبسن کے آؤٹ ہونے کے بعد ریڈمین (34) بھی جلد ہی آؤٹ ہو گئے۔اسپرٹ کو جیت کے لیے 11 گیندوں پر 12 رنز درکار تھے اور 110 کے اسکور پر چھٹی وکٹ ایبیگیل فری بورن کے طورپر گری۔ اسپرٹ کو جیتنے کے لیے آخری پانچ گیندوں پر پانچ رنز درکار تھے۔ پہلی دو گیندوں پر دو رنز آئے اور اب اسٹرائیک پر آنے والی دپتی نے ہیلی میتھیوز کی گیند پر لانگ آن پر چھکا لگا کر اسپرٹ کو پہلی ٹرافی دلائی۔ ایک سنسنی خیز فائنل میچ میں اسپرٹ نے ویلش فائر کو چار وکٹوں سے شکست دی۔ فائر کی جانب سے شبنم اسماعیل نے تین وکٹیں حاصل کیں۔میچ کے بعد دپتی نے کہا، ’’چھکا لگا کر میچ جیتنا ایک الگ تجربہ ہے۔ میں ۔ مجھے یقین تھا کہ میں یہ کرسکتی ہوں۔ میں ایک مثبت سوچ رکھتی ہوں۔”