پرتھ، 07 اپریل (یو این آئی) ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم کو اتوار کے روز ہاکی ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 4-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔آسٹریلیا کی جانب سے جیریمی ہیورڈ نے چھٹے اور 34ویں منٹ میں، جیکب اینڈرسن نے 42ویں اور نیتھن ایفرامس نے 45ویں منٹ میں گول کئے۔ ہندوستان کی جانب سے جوگراج سنگھ نے نویں منٹ میں اور کپتان ہرمن پریت سنگھ نے30ویں منٹ میں ایک ایک گول کیا۔کھیل کے آغاز میں میزبان ٹیم کے جیریمی ہیورڈ نے چھٹے منٹ میں پنالٹی کارنر کو گول میں بدل کر آسٹریلیا کو برتری دلا دی۔ ہندوستان نے جوابی حملہ کیا اور نویں منٹ میں جوگراج سنگھ نے شاندار پنالٹی کارنر کے ذریعے اسکور برابر کردیا۔ پہلا کوارٹر 1-1 کی برابری پر ختم ہوا۔دوسرے کوارٹر میں دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 30ویں منٹ میں ہندوستانی کپتان ہرمن پریت سنگھ نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے ہندوستان کو 2-1 کی برتری دلا دی۔