بھوپال:07؍اپریل :بھوپال کے داؤدی بوہرہ مسلمین نے رمضان مبارک کی مناسبت سے شہرکے معززحضرات کوافطار وعشائیہ پرمدعوکیا،5مارچ2024 کوبدری مسجد سیفیہ کالج کے احاطے میں ہونے والی اس تقریب میں بین الفرق مکالمہ کے ذریعہ اجتماعی رسم وروایات کے تبادلے اورآپسی اتحاد واخوت کاپیغام دیاگیا، جورمضان المبارک کی روح رواں ہے۔ اس دعوت میں آل انڈیا علماء بورڈ کے صدر قاضی انس علی ، نائب قاضی بھوپال قاضی علی قدر حسینی، مساجد کمیٹی بھوپال کے سکریٹری جناب یاسرعرفات، جناب عبدالرشید سکریٹری جمیعۃ علماء ہند مدھیہ پردیش ، قاری محمدسلیم اوردیگرحضرات نے شرکت کی۔ عزت مآب سیدنا مفضل سیف الدین کے شہر نمائندے ظہیرشاکر نے مہمانوں کااستقبال کرتے ہوئے کہا کہ آپ حضرات کوافطار عشائیہ میں مدعو کرتے ہوئے فخرمحسوس ہوتا ہے۔ آپ حضرات کی آمد سے محفل مزین ہوگئی، رمضان المبارک کی خوشیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ وہیں قاضی انس علی نے کہا کہ یہ ملاقاتیں قلبی مسرات کے حصول کاسبب ہیں۔ خدا آپس میں اخوت ومحبت کوقائم ودائم رکھے۔ افطار عشائیہ نے مختلف پس منظر کے افراد کوایک ساتھ جمع ہونے مل جل کرکھانے اوربامعنی مکالمے کاموقع فراہم کیا۔ جس کے نتیجے میںا مت مسلمہ کے آپسی اتفاق واتحاد کے رشتوں کومضبوطی اورفروغ حاصل ہوا۔