نئی دہلی 03 جون (یو این آئی) دور درشن ٹی -20 ورلڈ کپ، پیرس اولمپک گیمز اور ومبلیڈن سمیت بڑے عالمی بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کو براہ راست نشر کرے گا۔ پرسار بھارتی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر گورو دویدی نے پیر کو میڈیا سے بات چیت کے دوران یہ اعلان کیا۔ اس دوران پرسار بھارتی کے صدر نونیت کمار سہگل اور سکریٹری سنجے جاجو نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے خصوصی گانا ‘جذبہ بھی لانچ کیا۔ ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد 6 جولائی سے 14 جولائی تک زمبابوے کے دورے کے پانچ ٹی 20 میچ اور 27 جولائی سے 7 اگست تک سری لنکا میں ہندوستان کی محدود اوورز کی سیریز بھی ڈی ڈی اسپورٹس پر براہ راست نشر کی جائے گی۔اس کے علاوہ دوردرشن فرنچ اوپن اور ومبلیڈن کے فائنل بھی ٹیلی کاسٹ کرے گا۔ ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پرسار بھارتی اپنے اسپورٹس چینل پر مختلف اسپورٹس لیگز اور مقابلوں کو دکھانے کے لیے مختلف کھیلوں کے اداروں اور ایجنسیوں کے ساتھ بات چیت کے آخری مراحل میں ہے۔