پٹنہ 10جولائی:بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ سرکاری افسران کے سامنے ہاتھ جوڑتے نظر آئے ہیں۔ وہ ایک افسر کا پیر پکڑ لینے کی بات بھی کہتے ہیں۔ ان کی اس ویڈیو پر آر جے ڈی لیڈر اور ریاست کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے طنز کیا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو پوری دنیا کا سب سے بے بس، بے اختیار اور لاچار وزیر اعلیٰ قرار دیا ہے۔ پٹنہ میں آج ایک سرکاری پروگرام میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے سرکاری افسران کے سامنے ہاتھ جوڑنا شروع کر دیا۔ اس کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد بہار کے اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا۔ اس میں انہوں نے وزیراعلیٰ کودنیا کا سب سے بے بس و لاچار وزیر اعلیٰ قرار دیا۔ اس کے ساتھ ہی تیجسوی یادو نے بہار میں جرائم، بدعنوانی اور انتظامی انارکی کی وجوہات بھی بیان کیں اور سرکاری افسران کوبھی نشانہ بنایا۔ تیجسوی یادو نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ پوری دنیا میں اتنا لاچار، کمزور، ناقابل قبول، نا اہل، بے بس اور مجبور شاید ہی کوئی وزیر اعلیٰ ہوگا جو بی ڈی او، ایس ڈی او، تھانیدار سے لے کر اعلیٰ افسران اور یہاں تک کہ کسی ادارہ کے ذاتی عملہ تک کے سامنے بات-بات پر ہاتھ جوڑنے اور پیر پکڑنے کی بات کرتا ہو۔