بھوپال، 5 فروری: بورڈآف سیکنڈری ایجوکیشن کے ہائی اسکول اور ہائر سیکنڈری کے امتحانات 5 فروری سے 29 فروری 2024 تک منعقد ہو رہے ہیں۔ آج دسویں جماعت کا ہندی مضمون کا پرچہ منعقد ہوا۔ اس پیپر کے تعلق سے آج پرچہ منعقد ہونے سے پہلے یہ اطلاع ملی تھی کہ ہندی مضمون کا سوالیہ پرچہ اندور اور مختلف سوشل میڈیا گروپس پر وائرل ہو رہا ہے۔ اطلاع پر ضلعی انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی۔ جانچ کے دوران ہندی مضمون کا وائرل سوالیہ پرچہ بورڈ امتحان کے اصل پرچے سے میل نہیں کھاتا تھا۔چند سماج دشمن عناصر بورڈآف سیکنڈری ایجوکیشن کے امتحانی پرچے کو وائرل کرنے کے حوالے سے گمراہ کن معلومات دے کر طلبہ کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سائبر پولیس نے آج کے واقعہ کے حوالے سے ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ جس کے بعد 5 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔محکمہ ا سکول ایجوکیشن نے بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کے 10ویں اور 12ویں جماعت کے امتحانات میں شرکت کرنے والے طلباء سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سوالیہ پرچہ لیک ہونے سے متعلق غلط معلومات سے ہوشیار رہیں۔ محکمہ نے کہا ہے کہ ایسی اطلاع ملنے پر فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن کو مطلع کریں۔ محکمہ نے طلباء سے درخواست کی ہے کہ وہ تناؤ سے پاک ماحول میں امتحان دیں۔
بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن نے طلباء کی سہولت کے لیے ہیلپ لائن شروع کر دی ہے۔ ہیلپ لائن کے ذریعے کال کرنے والے طلباء کی کونسلنگ اور انہیں ماہرین کی طرف سے ذہنی تناؤ سے متعلق مناسب رہنمائی فراہم کرنے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ بورڈ کا ہیلپ لائن نمبر 1800-233-0175 روزانہ صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک کام کرتا ہے۔