خود کی بیٹی کی شادی تو دوسروں کو سر منڈا کر سنیاسی زندگی کی نصیحت کیوں؟ مدراس ہائی کورٹ کا سدگرو سے تلخ سوال

0
1

نئی دہلی یکم اکتوبر: ایشا فاؤنڈیشن کے بانی اور روحانی گرو کہلانے والے سد گرو جگی باسو دیو پر مدراس ہائی کورٹ نے تلخ تبصرہ کیا ہے۔ عدالت نے ایک مقدمہ کی سماعت کرتے ہوئے ان سے پوچھا کہ آپ نے اپنی بیٹی کی شادی کی ہے اور وہ دنیاوی آسائش سے مزین زندگی جی رہی ہے۔ پھر آپ دیگر خواتین کو کیوں سر منڈوا کر سنیاسی کی طرح جینے کے لیے راغب کرتے ہیں۔ جسٹس ایس ایم سبرمنیم اور جسٹس وی سیواگنم نے یہ سوال ایک سبکدوش پروفیسر کی طرف سے داخل عرضی پر کیا ہے۔ پروفیسر نے الزام لگایا تھا کہ میری اعلیٰ تعلیم یافتہ بیٹیوں کا ‘برین باش کیا گیا ہے اور وہ مستقل طور پر ایشا یوگ مرکز میں ہی رہ رہی ہیں۔ کوئمبٹور واقع تمل ناڈو ایگگریکلچر یونیورسٹی میں تدریسی خدمات انجام دینے والے پروفیسر ایس کامراج نے مطالبہ کیا تھا کہ ان کی بیٹیوں کو نجی طور پر عدالت میں لایا جائے۔ ان کے مطالبہ پر 42 اور 39 سال کی ان کی دونوں بیٹیاں عدالت میں آئیں۔ سماعت کے دوران پیر کو ان کی بیٹیوں نے کہا کہ ہم ایشا فاؤنڈیشن میں خود کی مرضی سے رہ رہے ہیں۔ ہمیں کسی طرح کی حراست میں نہیں رکھا گیا ہے۔ عدالت میں یہ مقدمہ گزشتہ ایک دہائی سے چل رہا ہے۔ ایک مرتبہ پہلے بھی اس معاملے کی سماعت کے دوران پروفیسر کی بیٹیوں نے کہا تھا کہ ہم اپنی خواہش سے ہی ایشا یوگ مرکز میں رہ رہے ہیں۔والدین کا کہنا ہے کہ جب سے ایشا یوگ مرکز میں بیٹیوں کو رکھا گیا ہے ان کی زندگی جہنم بن گئی ہے۔