اجمیر16جنوری: سلطان الہند خواجہ غریب نواز رحمۃ اللہ کے 812 ویں عرس مبارک کے موقع پر کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی جانب سے چادر پیش کی گئی، جسے کانگریس اقلیتی شعبے کے قومی صدر اور ایم پی عمران پرتاپ گڑھی دہلی سے اجمیر لے کر پہنچے۔ عمران پرتاپ گڑھی نے خواجہ غریب نواز کے آستانے پر چادر پیش کرتے ہوئے ملک کی خوشحالی، امن وامان و بھائی چارے کے لیے دعا کی۔ چادر پیش کرنے کے بعد انہوں نے درگاہ کے بلند دروازے سے عوام کے نام کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کے بھیجے گئے پیغام کو پڑھ کر سنایا۔ اپنے پیغام میں کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ انتہائی عقیدت اور احترام کے ساتھ میں سلطان الہند خواجہ غریب نواز معین الدین چشتی اجمیری کے 812 ویں عرس مبارک کے موقع پر اپنی اور پوری کانگریس پارٹی کی جانب سے چادر روانہ کررہا ہوں۔ اس موقع پر میں خود کو بے حد خوش قسمت تصور کر رہا ہوں۔ خیال رہے کہ خواجہ غریب نواز رحمۃ اللہ علیہ کے عرس کے موقع پر ہرسال نہایت خلوص، احترام کے ساتھ چادر چڑھائی جاتی ہے۔ چادر پوشی کا یہ عمل وطن کی گنگا جمنی تہذیب، قومی ایکتا، آپسی بھائی چارہ، پیار و محبت، ادب ورواداری کی علامت ہے۔ اس سے پوری دنیا میں یہی پیغام جاتا ہے کہ ہندوستان میں قومی اتحاد اور بھائی چارے کی جڑیں انتہائی گہری ہیں۔ کانگریس صدر کی جانب سے غریب نواز کے لیے چادر لے کر اجمیر پہنچنے پر سرکٹ ہاؤس میں عمران پرتاپ گڑھی نے میڈیا کے نمائندوں سے خطاب بھی کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ مذہب کا تعلق عقیدے سے ہے، سیاست نہیں۔ لیکن آج ملک میں مذہب کی سیاست ہو رہی ہے جسے وزیر اعظم نریندر مودی ایونٹ مینجمنٹ کی طرح کر رہے ہیں اور جس میں میڈیا کو بھی ساتھ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی نے سماجی، معاشی وسیاسی انصاف کے لیے منی پور سے ممبئی تک 6700 کلومیٹر کا بھارت جوڑو نیائے یاترا شروع کی ہے، جس کا مقصد ملک کی عوام کے ساتھ انصاف کو یقینی بنانا ہے۔