گالے (سری لنکا)، 29 جنوری (یو این آئی) عثمان خواجہ (ناٹ آؤٹ 145) اور اسٹیو اسمتھ (ناٹ آؤٹ 104) کی شاندار سنچریوں کی بدولت آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن بدھ کو دو وکٹوں کے نقصان پر 330 رن بنا کر اپنی پوزیشن مضبوط کرلی ہے۔آج ٹاس جیت کر آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے آتے ہوئے عثمان خواجہ اور ٹریوس ہیڈ کی اوپننگ جوڑی نے عمدہ آغاز کیا اور پہلے وکٹ کے لیے 92 رن جوڑے۔ 15ویں اوور میں پربھات جے سوریہ نے ٹریوس ہیڈ کو آؤٹ کرکے اس شراکت کو توڑا۔ ٹریوس ہیڈ نے 40 گیندوں پر 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 57 رن بنائے۔ اس کے بعد مارنس لیبوشین بیٹنگ کے لیے آئے اور صرف (20) پر آؤٹ ہو گئے۔ انہیں جیفری وینڈرسے نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد کپتان اسٹیو اسمتھ بیٹنگ کے لیے آئے اور خواجہ کے ساتھ مل کر محاذ سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور اپنی سنچریاں مکمل کیں۔ عثمان خواجہ نے 210 گیندوں پر 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 147 رن ناٹ آؤٹ بنائے۔ اسٹیو اسمتھ نے 188 گیندوں میں 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 104 رن (ناٹ آؤٹ) بنائے۔ اس دوران اسٹیو اسمتھ نے اپنے 10 ہزار ٹیسٹ رن مکمل کیے۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے چوتھے آسٹریلیائی بن گئے۔دن کا کھیل ختم ہونے تک آسٹریلیا نے 81.1 اوورز میں 2 وکٹ پر 330 رن بنائے تھے، عثمان خواجہ (145 ناٹ آؤٹ) اور اسٹیو اسمتھ (104 ناٹ آؤٹ) کریز پر موجود تھے۔سری لنکا کی جانب سے پربھات جے سوریہ اور جیفری وینڈرسے نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔