خواتین کرکٹ:انگلینڈ نے پاکستان کو 34 رن سے شکست دے کر سیریز 0-3سے جیتی

0
10

لیڈز، 20 مئی (یو این آئی) ڈینی وائٹ کی 48 گیندوں میں 87 رن کی اننگز اور اس کے بعد گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت انگلینڈ کی خواتین ٹیم نے تیسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان خواتین ٹیم کو 34 رن سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی انگلینڈ کی ٹیم نے تین میچوں کی سیریز 3-0 سے جیت لی ہے۔177 رن کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے اچھی شروعات کی اور پہلی وکٹ کے لئے 60 رن جوڑے۔ پاکستان کی پہلی وکٹ نویں اوور میں سدرہ امین (26) کی صورت میں گری۔ اس کے بعد اگلے ہی اوور میں گل فیروزہ بھی (30) رن بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ اس کے بعد صدف شمس (6) اور منیبہ علی (3) نے 10ویں اور 11ویں اوور میں چار وکٹیں گرنے کے ساتھ ہی پاکستان کے بلے باز بیک فٹ پر آگئے اور ان کا رن ریٹ بھی انگلینڈ کی گیندبازوں کے سامنے سست ہوگیا۔ کپتان ندا ڈار اور عالیہ ریاض نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی اور میچ کے اختتام تک پچ پر موجود رہیں۔ ندا ڈار نے 24 گیندوں پر 29 اور عالیہ ریاض نے 27 گیندوں پر 35 رن کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی لیکن اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکیں۔
پاکستانی ٹیم مقررہ 20 اووروں میں چار وکٹ پر صرف 142 رن بنا سکی اور 34 رن سے میچ ہار گئی۔انگلینڈ کی جانب سے چارلی ڈین، لارین فلر، سوفی ایکلسٹون اور ڈینیئل گبسن نے سخت گیند بازی کی اور ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل اتوار کی رات دیر گئے کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کی ٹیم کی اوپننگ جوڑی مایا باؤچر اور ڈینی وائٹ نے پہلی وکٹ کے لیے 36 رن جوڑے کہ چھٹے اوور میں جب باؤچر (8) رن آؤٹ ہو گئی۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے نیٹ اسکیور برنٹ بھی (8) رن بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ ہیتھر نائٹ (12)، ایلس کیپسی (1)، ڈینیئل گبسن (12) اور سوفی ایکلسٹن (2) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ ڈینی وائٹ نے 48 گیندوں پر 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے سب سے زیادہ 87 رن بنائے۔ ایمی جونز نے 15 گیندوں پر 26 رن کی اننگز کھیلی۔ انگلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 176 رن بنائے۔ پاکستان کی جانب سے ڈائنا بیگ اور ندا ڈار نے تین تین وکٹیں لے کر انگلینڈ کی اننگز کو سمیٹنے میں اہم کردار ادا کیا۔ فاطمہ ثنا نے ایک وکٹ حاصل کیا۔