نئی دہلی، 27 اگست (یو این آئی) انجری کے باعث بنگلورو میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں صحت یاب ہورہیں یاستیکا بھاٹیہ اور شرینکا پاٹل کی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہونے والے خواتین کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لئے 15 رکنی ہندوستانی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔تاہم دونوں کھلاڑیوں کا ورلڈ کپ کھیلنا ان کی فٹنس پر منحصر ہوگا۔ بھاٹیہ اپریل کے مہینے میں بنگلہ دیش کے خلاف ٹی 20 کھیلنے کے بعد سے ہی ٹیم سے باہر ہیں۔ وہ فی الحال این سی اے میں صحت یاب ہو رہی ہیں۔ بھاٹیہ کو گھٹنے میں چوٹ لگی ہے۔ پاٹل ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف میچ میں بائیں ہاتھ کی انگلی میں چوٹ لگنے کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہوگئی تھیں۔ پندرہ رکنی ہندوستانی ٹیم کے علاوہ اوما چھتری، تنوجا کنور اور صائمہ ٹھاکور ریزرو کھلاڑی کے طور پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) جائیں گی۔ آسٹریلیا اے کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی راگھوی بشٹ اور پریا مشرا کو نان ٹریولنگ ریزرو میں شامل کیا گیا ہے۔ہرمن پریت کور کی قیادت میں ورلڈ کپ کے لیے منتخب 15 کھلاڑیوں میں سے 14 کھلاڑی ایشیا کپ کا حصہ رہے ہیں۔ ان میں صرف چھتری ہی وہ کھلاڑی ہیں جنہیں ورلڈ کپ کی اہم ٹیم میں جگہ نہیں ملی ہے۔ چھتری کی جگہ بھاٹیہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ہندوستان نے 15 رکنی ٹیم میں یاستیکا بھاٹیہ کو دوسرے وکٹ کیپر کے طور پر شامل کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ورلڈ کپ 3 اکتوبر سے شروع ہوگا۔ ہندوستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 4 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ 6 اکتوبر کوہندوستانی ٹیم پاکستان کے خلاف کھیلے گی۔ اس کے بعد 9 اکتوبر کو سری لنکا اور 13 اکتوبر کو آسٹریلیا سے ٹکر ہوگی۔ اس ورلڈ کپ میں کل 10 ٹیمیں حصہ لینے جا رہی ہیں جنہیں پانچ پانچ کے دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم گروپ اے میں شامل ہے۔ گروپ اے میں ہندوستان کے علاوہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، پاکستان اور سری لنکا ہیں۔ورلڈ کپ کے سیمی فائنلز 17 اور 18 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔ فائنل میچ 20 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ دونوں سیمی فائنل اور فائنل کے لیے ریزرو ڈے بھی رکھا گیا ہے۔خواتین کے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے ہندوستانی ٹیم اس طرح ہے: ہرمن پریت کور (کپتان)، اسمرتی مندھانا (نائب کپتان)، شیفالی ورما، دیپتی شرما، جمیما روڈریگس، ریچا گھوش (وکٹ کیپر)، یاستیکا بھاٹیہ (وکٹ کیپر)، پوجا وستراکر، اروندھتی ریڈی، رینوکا سنگھ، دیالن ہیملتا، آشا شوبھنا، رادھا یادو، شرینکا پاٹل اور سجنا سجیون۔