نئی دہلی، 23 فروری (یو این آئی) دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے اتوار کے روز کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اسمبلی انتخابات کے دوران خواتین سے کئے گئے تمام وعدے پورے ہوں گے۔محترمہ ریکھا گپتا نے آج یہاں دہلی بی جے پی کے دفتر میں آئندہ اسمبلی اجلاس کے سلسلے میں قانون ساز پارٹی کی میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے کہا، “ہم نے دہلی کے بارے میں جو وعدے کیے ہیں، وہ پورے کیے جائیں گے۔ سابقہ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) حکومت نے ہمارے لیے خزانہ خالی چھوڑا ہے، اس کے باوجود پارٹی کے تمام وعدے پورے کیے جائیں گے۔”انہوں نے کہا کہ اسمبلی کا اجلاس پیر کے روز سے شروع ہوگا۔ نومنتخب اراکین اسمبلی حلف لیں گے اور اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کیا جائے گا۔ اس کے بعد لیفٹیننٹ گورنر کا خطاب ہوگا۔ یہ تین روزہ سیشن ہے۔ تین روزہ اجلاس کے دوران ان تمام کاموں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جو دہلی کے عوام کے مفاد میں ہیں۔ کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل (سی اے جی) کی رپورٹ ایوان میں پیش کی جائے گی۔انہوں نے کہا، ’’ایوان کے پہلے اجلاس میں دہلی کے لیے نئی جہتیں طے ہوں گی اور میں ایک ہی بات کہنا چاہوں گی کہ دہلی کے تئیں ہمارا عزم پوری طرح خالص ہے اور وعدے سو فیصد پورے ہوں گے۔‘‘ محترمہ ریکھا گپتا نے کہا، ’’ہم گزشتہ چار دنوں سے مسلسل میٹنگیں کر رہے ہیں۔ جو صورتحال سابقہ حکومت نے ہمارے سامنے رکھی ہے، جب ہم افسران کے ساتھ بیٹھ کر حکومت کی مالی حالت دیکھیں تو تمام سرکاری خزانے خالی ہیں۔انہوں نے کہا، “مہیلا سمان یوجنا کے سلسلے میں کئی میٹنگیں ہوئی ہیں۔ آج سرکاری خزانہ خالی ہے۔ ہم اسے دہلی کی خواتین کے لیے ضرور لائیں گے، ہم اپنا وعدہ سو فیصد پورا کریں گے، لوگوں کی امیدوں پر پورا اترنا ہماری ذمہ داری ہے۔ نیز یہ بھی ہمارا کام ہے کہ ان لوگوں کے منہ بند کریں جنہوں نے دہلی کو لوٹا اور دھوکہ دیا اور جھوٹ پھیلا رہے ہیں۔ عوام کی ایک ایک پائی کا حساب لیا جائے گا۔