نئی دہلی، 09 فروری (یو این آئی) کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے مودی حکومت کے ذریعہ پارلیمنٹ میں لائے گئے قرطاس ابیض (وائٹ پیپر) کو سیاسی چال قرار دیتے ہوئے اسے سفید جھوٹ کا ‘وائٹ پیپرقرار دیا۔مسٹر چدمبرم نے جمعہ کے روز یہاں اپنے بیان میں کہا کہ حکومت کے قرطاس ابیض سے اس کی بدعنوان ذہنیت اجاگر ہوتی ہے۔ یہ ایک سیاسی چال ہے جس کا مقصد پچھلی حکومت کے ذریعہ کیے گئے کاموں کو نقصان پہنچانا اور موجودہ حکومت کے نا مکمل وعدوں، بڑے پیمانے پر ناکامیوں اور غریبوں سے دھوکہ دہی کو چھپانا ہے۔انہوں نے کہا، “یہ وائٹ پیپر جھوٹ کا ایک پلندہ ہے جس کا مقصد 2014 کے بعد کے معاشی منظر نامے کا جائزہ لیے بغیر اس کی بدنامی کرنا ہے۔ یہ وائٹ پیپر نہیں ہے بلکہ ایک کھیلواڑ ہے جس کا مقصد گذشتہ 10 سالوں میں این ڈی اے حکومت کے گناہوں اور سیاہ کاریوں کو سفید کرنا ہے”۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے ہر سال 2 کروڑ نوکریاں دینے، بیرون ملک سے کالا دھن 100 دنوں میں واپس لانے، ہر شہری کے بینک اکاؤنٹ میں 15 لاکھ روپے جمع کرنے، پیٹرول اور ڈیزل 35 روپے فی لیٹر دینے کا وعدہ کیا تھا۔