بھوپال، 13 مارچ (رپورٹر) ریاست کے میڈیکل کالج کے جونیئر ڈاکٹروں اور حکومت کے درمیان بات چیت کامیاب رہی۔ بدھ کو حکومت نے اسٹائیپینڈ بڑھا دیا اور اس کے احکامات بھی جاری کر دیئے۔ اس کے بعد جونیئر ڈاکٹروں نے پانچ دنوں سے جاری ہڑتال ختم کر دی۔گاندھی میڈیکل کالج سے منسلک حمیدیہ اسپتال میں کالی پٹی باندھ کر کام کرنے کے پانچویں دن بدھ کو جوڈا نے دو گھنٹے کی علامتی ہڑتال کی۔ اس کے بعد حمیدیہ اسپتال میں صحت کی خدمات مکمل طور پر ٹھپ ہوگئیں۔ جوڈا نے اسپتال انتظامیہ اور حکومت کو اپنے مطالبات پر فیصلہ لینے کے لیے رات تک کا وقت دیا تھا۔ اس سے قبل ہی حکومت نے جونیئر ڈاکٹروں کے اسٹائیپینڈ میں 3000 روپے اور سینئر ڈاکٹروں کے اسٹائیپینڈ میں 4000 روپے کا اضافہ کرنے کے احکامات جاری کردئے۔ اس کے ساتھ ہی دیگر مطالبات پر کمیٹی بنا کر فیصلے کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس کے بعد جوڈا نے اپنی ہڑتال واپس لے لی۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ 9 مارچ سے جوڈا اپنے ہاتھ پر سیاہ پٹی باندھ کر کام کر رہا تھا۔ بدھ کو صبح 10 بجے سے دوپہر 12 بجے تک علامتی ہڑتال کی۔ اس کے بعد انہوں نے کہا تھا کہ وہ جمعرات سے کام مکمل طور پر بند کر دیں گے اور ہڑتال پر چلے جائیں گے۔